برمنگھم میں آسمان گلابی ہوگیا ،وجہ بھی سامنے آگئی
برمنگھم (نیٹ نیوز)برطانیہ کے شہر برمنگھم میں اُس وقت خوف اور تجسس کی فضا پیدا ہو گئی جب رات گئے آسمان اچانک گہرے گلابی اور سرخی مائل رنگ میں ڈھل گیا۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق مختلف تصاویر کے جائزے سے پتا چلا کہ یہ گلابی روشنی صرف برمنگھم کے چند مخصوص علاقوں تک محدود تھی اور برطانیہ کے کسی دوسرے شہر میں ایسا منظر دیکھنے میں نہیں آیا۔ بعد ازاں برطانوی اخبار ‘‘میٹرو’’ کی رپورٹ نے اس پراسرار منظر کی اصل وجہ واضح کر دی۔اخبار کے مطابق برمنگھم سٹی فٹبال کلب کے سٹیڈیم سے نکلنے والی طاقتور ایل ای ڈی لائٹس اس رنگ کا سبب بنیں۔ شدید برف باری اور گھنے بادلوں میں موجود ذرات نے ان روشنیوں کو بکھیر دیا، جس کے نتیجے میں یہ گلابی روشنی پورے آسمان پر پھیلتی ہوئی نظر آنے لگی۔