پنجاب : سردی جوبن پر، برفباری اور دھند کا الرٹ، پروازیں منسوخ، تعلیمی ادارے مزید ایک ہفتہ بند

پنجاب : سردی جوبن پر، برفباری اور دھند کا الرٹ، پروازیں منسوخ، تعلیمی ادارے مزید ایک ہفتہ بند

حد نگاہ انتہائی کم ہونے پر فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ، 67 پروازیں تاخیر کا شکار،موٹرویزکئی مقامات پر بند ، پتوکی میں 5 گاڑیوں کی آپس میں ٹکر اسلام آباد میں درجہ حرارت صفر،پشاور 1، لاہور، مظفر آباد 3 ، کراچی 9، مری میں منفی 1، لہہ میں منفی 14 ریکارڈ ، نصیرآبادمیں لوگ گھروں میں محصور

لاہور،پشاور،کراچی،اسلام آباد (خبر نگار،نیوز رپورٹر،نیوز ایجنسیاں)پنجاب سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی جوبن پر ، دھند کی بھی شدید لہر جاری رہی،معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوکر رہ گئے ، 4پروازیں منسوخ، 67تاخیر کا شکارہو گئیں، موٹروے کو مختلف مقامات پر عارضی طور پر بندکر دیا گیا، پنجاب کے تعلیمی ادارے مزید ایک ہفتہ بند رکھنے کا اعلان کر دیا گیا، گزشتہ روز لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 3اور زیادہ سے زیادہ14 سینٹی گریڈرہا ،اسلام آباد میں درجہ حرارت صفر،پشاور 1، مظفر آباد 3 ، کراچی 9جبکہ مری میں منفی 1،کوئٹہ منفی 3، دیرمنفی 5 ،بگروٹ منفی 6، ہنزہ، گلگت منفی 8، استور، گوپس منفی 10،قلات،سکردو میں منفی 13اورلہہ میں منفی 14ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات نے خبر دار کیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، بالائی سندھ اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک ،کئی علاقوں میں شدید دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم ہو گئی، لاہور میں ٹھنڈی ہوا چلتی رہی ، شدید دھند کے باعث موٹروے ایم ون، صوابی سے پشاور، ایم 2 ٹھوکر نیاز بیگ سے بلکسر، ایم 3 فیض پور سے سمندری اور ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک،ایم 5 شیرشاہ سے سکھر اور ایم 11 لاہور سے سمبڑیال تک عارضی طور پر بند کی گئی۔ دھند کے باعث پتوکی میں پھولنگر نیشنل ہائی وے ڈھاباں فتح کے قریب 5 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے ۔3 زخمیوں کو ٹراما سنٹر پھولنگر منتقل کردیا گیا۔ علاوہ ازیں موسم کی خرابی اور انتظامی مسائل کے باعث گزشتہ روز فلائٹ آپریشن بھی شدید متاثر ہوا۔

پشاور سے دوحہ کے مابین غیرملکی ایئر لائن کی 2 اورلاہور سے مشہد کے درمیان غیرملکی ایئر لائن کی 2 پروازوں کو منسوخ کر دیا گیا ،اسلام آباد ایئر پورٹ کی 27 پروازوں میں 1 سے ساڑھے 5 گھنٹے تک تاخیر ہوئی ۔پشاور ایئرپورٹ پر 6، ملتان 5، کراچی 16 جبکہ لاہور کی 10 پروازیں تاخیر کا شکار رہیں ،علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پردھند کے دوران حدِ نگاہ 50میٹر تک محدود ہونے پر مجموعی طور پر 22پروازیں دو سے پانچ گھنٹے تک تاخیر کا شکار ہوئیں ، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق ملکی و غیر ملکی تمام ایئرلائنز نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایئرپورٹ آنے سے قبل اپنی پروازوں کی تازہ صورتحال معلوم کر لیں تاکہ غیر ضروری انتظار سے بچا جا سکے ۔

دریں اثناء بلوچستان کی ڈویژن نصیرآبادکے اضلاع اوستا محمد، جعفر آباد، صحبت پور، نصیر آباد، جھل مگسی سمیت دیگر علاقوں میں خون جما دینے والی سردی برقرار رہی ،جس کے بعد سرکاری ونجی تعلیمی ادارے بند کر دئیے گئے ، اس دوران گیس و بجلی کی لوڈشیڈنگ بھی جاری رہی جس کی وجہ سے عوام گھروں تک محدود ہوگئے ، ڈویژن بھر میں شدید دھند کے باعث ٹریفک حادثات کے دوران درجنوں افراد زخمی ہو گئے ۔ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بھی پنجاب، بالائی سندھ اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں درمیانی سے شدید دھند چھائی رہے گی،اسلام آبادمیں موسم سرد اور خشک رہے گا، خطہ پوٹھوہار اور کشمیر میں صبح کے اوقات میں چند مقامات پر کہرا پڑ سکتا ہے ۔ گلگت بلتستان میں بھی موسم شدید سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے ۔

دوسری طرف وزیرتعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے سکولوں اور کالجوں میں موسم سرما کی چھٹیوں میں 18 جنوری تک اضافے کا اعلان کر دیا، چھٹیوں میں ایک ہفتے کی توسیع کا فیصلہ وزیر تعلیم کے سوشل میڈیا پیج پر کرائے گئے عوامی سروے کی بنیاد پر کیا گیا۔ وزیر تعلیم کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر کئے سروے میں عوام کی واضح اکثریت نے چھٹیوں میں توسیع کی حمایت کی۔ سروے کے نتائج کے مطابق تقریباً 87 فیصد افراد نے چھٹیوں میں اضافے کے حق میں ووٹ دیا جبکہ 13 فیصد افراد تعلیمی ادارے 12 جنوری سے کھولنے کے حامی تھے ۔ ایک انٹرویو اور سوشل میڈیا پر جاری بیان میں رانا سکندر حیات نے کہا کہ مزید چھٹیوں کا فیصلہ سردی کی شدت میں اضافے کے باعث کیا گیا، بچوں کی صحت پہلی ترجیح ہے ، اب تعلیمی ادارے 19 جنوری سے کھلیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں