خیبر پختونخوا میں وفاقی منصوبے، عوام کے مسائل، شہباز شریف نے کمیٹی قائم کردی

خیبر پختونخوا میں وفاقی منصوبے، عوام کے مسائل، شہباز شریف نے کمیٹی قائم کردی

پختونخوا حکومت مکمل ناکام ،عوامی نمائندگان ، مسائل کا ادراک،اپنے دائرہ اختیار کے اندر پائیدار حل کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہے :وزیراعظم احسن اقبال کی زیر سربراہی کمیٹی پشاور کا دورہ اور منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لے گی، اسلام آباد میں چراہ ڈیم کے منصوبے کی بھی منظوری

اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں وفاقی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوامی مسائل کے حل کیلئے کمیٹی کردی، خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندوں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا خیبر پختونخوا کے عوام کے مسائل کا مکمل ادراک ہے اور وفاقی حکومت اپنے دائرہ اختیار کے اندر ان مسائل کے پائیدار حل  کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ شرکا نے وزیر اعظم کو آگاہ کیا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے ، گورننس نام کی کوئی چیز نہیں ، صحت، تعلیم، انفرا سٹرکچر اور عوامی فلاح کے حوالے سے صوبائی حکومت کے پاس کوئی واضح پالیسی موجود نہیں اور عوامی مسائل کی طرف خیبر پختو نخوا حکومت کی کوئی توجہ نہیں۔

ملاقات کے دوران صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال اور عوام کو درپیش مسائل بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں عوامی فلاح و بہبود، ترقیاتی منصوبوں اور گورننس سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں خیبر پختونخوا کے عوام کے مسائل کا مکمل ادراک ہے اور وفاقی حکومت اپنے دائرہ اختیار کے اندر ان مسائل کے پائیدار حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے ۔ خیبر پختو نخوا میں جاری وفاقی ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوامی مسائل کا حل وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ وزیراعظم نے عوامی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ عوامی مسائل کے حل کو اولین ترجیح بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ عرصہ پہلے انہوں نے ہری پور میں خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے طلبا و طالبات میں میرٹ پر لیپ ٹاپ تقسیم کئے، ان نوجوانوں سے مل کر خوشی ہوئی، یہی نوجوان ملک کے مستقبل کا اثاثہ ہیں،ان کے لئے آئندہ بھی میرٹ پر لیپ ٹاپ دینے کی پالیسی جاری رہے گی تاکہ وہ ملک کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔

وزیر اعظم نے خیبر پختونخوا میں وفاق کے زیر اہتمام ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی جو پشاور کا دورہ کرکے اور عوامی نمائندوں سے مل کر ان منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لے گی۔ ملاقات میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااﷲتارڑ، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری، وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنا اﷲ، کیپٹن (ر)صفدر، ارکان قومی اسمبلی بابر نواز ، ثمر بلور ، وزیراعظم کے کوارڈینیٹراختیار ولی ،سابق ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی ، سابق سینیٹرزاہد خان ، رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عباداﷲ، پیر صابر شاہ، سردار مشتاق ، شاہ جی گل آفریدی ، شہاب الدین خان رحمت سلام خٹک اور بہرہ مند تنگی بھی موجود تھے۔

دریں اثنا وزیراعظم نے جڑواں شہروں کی پانی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے اسلام آباد میں چراہ ڈیم منصوبے کی منظوری دیدی، چراہ ڈیم کی تعمیر پرعمل درآمدمحکمہ آبپاشی پنجاب کرے گا۔چراہ ڈیم کو واٹرٹریٹمنٹ پلانٹ سے ملانے کیلئے 20 کلومیٹرطویل مین پائپ لائن بچھے گی،فزیبلٹی کے بعد منصوبے کی مجموعی لاگت تقریباً 55 ارب روپے سے زائدمتوقع ہے ،راول جھیل کے قریب واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ بھی لگایا جائے گا۔منصوبے کی تکمیل سے شہر کو یومیہ 28 ملین گیلن پانی دستیاب ہوگا،راولپنڈی اور اسلام آباد کو 14،14 ملین گیلن پانی فراہم کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں