سکیورٹی فورسز کی شمالی وزیرستان اور کرم میں کارروئیاں، 11 فتنہ الخوارج ہلاک

سکیورٹی فورسز کی شمالی وزیرستان اور کرم میں کارروئیاں، 11 فتنہ الخوارج ہلاک

شمالی وزیرستان میں 6خوارج ہلاک،کرم میں فوج اور پولیس کا مشترکہ ایکشن ،5دہشت گرد مارے گئے صدراور وزیراعظم کا فورسزکوخراج تحسین،باجوڑ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ ،سی ٹی ڈی اہلکار شہید

راولپنڈی،اسلام آباد(خصوصی نیوزرپورٹر، سٹاف رپورٹر )خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی دو مختلف کارروائیوں میں 11 خوارج ہلاک ہوگئے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا جس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج ہلاک ہوگئے ،جبکہ ضلع کرم میں پولیس اور سکیورٹی فورسزکی مشترکہ کارروائی میں 5 خوارج مارے گئے۔

خوارج کا تعلق بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تھا، مارے گئے خوارج سے اسلحہ اورگولہ بارود برآمد ہوا ہے جبکہ خوارج دہشتگردی اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور پولیس کی کلیئرنس کارروائیاں جاری ہیں اور مزید خوارج کی تلاش جاری ہے۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے 11 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی اہلکاروں اور پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ان سمیت پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ارض وطن کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ باجوڑ کی تحصیل ماموند کے علاقے مینہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سی ٹی ڈی کا ایک اہلکار سیف الرحمن سکنہ مینہ شہید ہو گیا، شہید پولیس اہلکار کی نمازِ جنازہ باجوڑ پولیس لائن میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں