صومالی لینڈ تنازع،اوآئی سی کا ہنگامی اجلاس ،اسرائیل کی مذمت
صومالیہ کی خودمختاری کو نقصان پہنچانے کی کوشش مسترد :سعودی عرب اپنی زمین کسی ملک کو استعمال نہیں کرنے دینگے :صومالیہ، ڈارکی اجلاس میں شرکت
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)صومالی لینڈ تنازع پر او آئی سی وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں گزشتہ روز ہوا ،جس میں پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی شریک تھے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل او آئی سی نے کہا کہ صومالیہ کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کرتے ہیں، صومالی لینڈ سے متعلق اسرائیلی اقدام عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
سعودی عرب کے نائب وزیر خارجہ ولید بن عبدالکریم نے کہا کہ صومالیہ کی خودمختاری کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کو مسترد کرتے ہیں، صومالیہ کی حکومت بات چیت کر کے خطے کے ممالک کو متحد کر سکتی ہے ،غزہ میں جنگ بندی کے دوسرے مرحلے پر زور دیتے ہیں۔فلسطینی وزیر خارجہ کا کہناتھا کہ صومالیہ کی اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ سرحدوں کی حمایت کرتے ہیں، صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کا اسرائیلی اقدام عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
صومالی وزیر خارجہ نے کہا صومالیہ کی زمین کسی ملک کو استعمال نہیں کرنے دیں گے، صومالیہ کی سرحدوں کی خلاف ورزی ان کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے ، نام نہاد صومالی لینڈ وفاقی صومالیہ کا اہم حصہ ہے ، اسرائیلی الزامات صومالیہ کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہیں۔نمائندہ ترکیہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کا نام نہاد صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کا اقدام ناقابل قبول ہے ، صومالیہ کے اتحاد اور خودمختاری کیلئے ہماری حمایت ناقابل یقین ہے ۔