شدیددھند، فلائٹ آپریشن متاثر،12 پروازیں منسوخ
موٹروے بھی بند،گلگت ،پختونخوا ، کشمیر میں آج برفباری اوربارش متوقع لاہور میں ٹریفک حادثہ، موٹرسائیکل سوار نوجوان جاں بحق، 2افراد زخمی
لاہور ،اسلام آباد،پشاور(نیوز رپورٹر ،کرائم رپورٹر ،اپنے رپورٹرسے ،نیوز ایجنسیاں )پنجاب سمیت ملک کے میدانی اضلاع میں گزشتہ روز بھی شدید دھند چھائی رہی۔ اس دوران لاہور میں ٹریفک حادثہ کے د وران 1نوجوان جاں بحق، 2شدید زخمی ہو گئے ، ادھر لاہور اور کراچی میں فلائٹ آپریشن شدید متاثر،12 پروازیں منسوخ، درجنوں تاخیر کا شکار ہو گئیں ،موٹرویز بھی مختلف مقامات پر بند، پختونخوا میں چترال کے بالائی اور لوئر کے مختلف مقامات پر برفباری شروع ، گلگت بلتستان،پختونخوا اور کشمیر میں کئی مقامات پر آج ہفتہ کو برفباری کے ساتھ بارش بھی متوقع، ملک کے دیگرعلاقوں میں موسم سرد اور خشک،میدانی علاقوں میں پھر دھند کا امکان ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک، بالائی علاقوں میں شدید سرد رہا، خطہ پوٹھوہار اورکشمیر میں چند مقامات پر کہرا پڑا ۔پنجاب، بالائی سندھ اور خیبر پختونحوا کے میدانی اضلاع میں درمیانی سے شدید دھند چھائی رہی۔ ایئرپورٹس پر کم حدِ نگاہ کے باعث کراچی ایئر پورٹ پر 7، لاہور میں علامہ اقبال ایئرپورٹ پر متعددپروازیں منسوخ کر دی گئیں، لاہور ایئرپورٹ پر مجموعی طور پر 30 پروازیں تاخیر سے روانہ ہوئیں ، کراچی ایئرپورٹ پر 18 پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہوئیں۔ علاوہ ازیں حد نگاہ کم ہونے پر حکام نے موٹروے ایم 2 ، ایم 3 ،ایم 4 ،ایم 5 اور ایم 11کو مختلف مقامات پر ٹریفک کیلئے عارضی طور پر بند کر دیا۔ادھر صوبائی دارالحکومت میں گلبرگ کے علاقے گرومانگٹ روڈ پر دھند کے باعث موٹر سائیکل سڑک کنارے کھڑی ٹریکٹر ٹرالی سے جا ٹکرا ئی جس کے نتیجے میں محمد وصی نامی موٹرسائیکل سوار جاں بحق جبکہ عبدالرزاق اور عبدالہادی شدید زخمی ہو گئے ، ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا ۔دریں اثناء نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے )نے 22 جنوری کے دوران شمالی علاقہ جات میں شدید برفباری اور بارش کا الرٹ جاری کر دیا ۔