ان لینڈ ریونیو کے متعدد افسروں کو اضافی ذمہ داریاں تفویض
گریڈ 21،20کے افسر ،مستقل آفیسرز کی تعیناتی تک اضافی چارج سنبھالیں گے اضافی چارج کی مدت زیادہ سے زیادہ 3ماہ ہوگئی، ایف بی آر کا نوٹیفکیشن جاری
لاہور(نیوز رپورٹر )فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)نے ان لینڈ ریونیو سروس (آئی آر ایس) کے افسروں کو اضافی چارج دینے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کے تحت متعدد افسروں کو تین ماہ کے لیے اضافی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق یہ اضافی چارج مستقل افسروں کی تعیناتی تک یا زیادہ سے زیادہ تین ماہ کیلئے نافذ العمل رہے گا، جو بھی مدت پہلے مکمل ہو جائے ۔ اس فیصلے کے تحت گریڈ 21 اور 20 کے کئی سینئر افسروں کو اہم عہدوں کا اضافی چارج تفویض کیا گیا ہے ۔ایف بی آر کے مطابق چیف انویسٹی گیٹر ٹیکس فراڈ انویسٹی گیشن ونگ، ڈائریکٹر آئی آر ایس اکیڈمی اور مختلف کمشنرز کے عہدوں پر افسروں کو اضافی ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔ لاہور سمیت مختلف شہروں میں تعینات افسروں کو بھی اضافی چارج سونپا گیا ہے ۔نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ریفنڈز، ودہولڈنگ ٹیکس، اپیلز، زونل دفاتر اور ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم سے متعلق مختلف عہدوں پر بھی اضافی چارجز دئیے گئے ہیں، جبکہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کا اضافی چارج بھی تفویض کر دیا گیا ہے ۔اس کے علاوہ آئی ٹی اینڈ ڈی ٹی، پی آر اے ایل اور ایف بی آر ہیڈکوارٹرز میں تعینات افسر بھی اضافی ذمہ داریاں نبھائیں گے ۔ ایف بی آر حکام کے مطابق اس اقدام سے انتظامی امور، ٹیکس وصولی اور مجموعی دفتری کارکردگی کو مزید بہتر بنانا ممکن ہو سکے گا۔