حافظ نعیم کو اسمبلی رکنیت سے معطل کرنے پر حیرت ، فارم 47 زدہ نشست قبول نہیں کی تھی:ترجمان

حافظ نعیم کو اسمبلی رکنیت سے معطل  کرنے پر حیرت ، فارم 47 زدہ  نشست قبول نہیں کی تھی:ترجمان

لاہور(سیاسی نمائندہ)سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان شکیل احمد ترابی نے الیکشن کمیشن کی جانب سے گوشوارے جمع نہ کروانے پر معطل اراکین اسمبلی میں امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کا نام شامل کئے جانے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے۔

کہ حافظ نعیم الرحمن نے الیکشن نتائج کے بعد پوری قوم کے سامنے اعلان کیا تھا کہ وہ فارم 47 سے خیرات میں ملی سندھ اسمبلی کی نشست ہرگز قبول نہیں کریں گے ۔منصورہ سے جاری بیان میں شکیل ترابی نے واضح کیا کہ امیر جماعت اسلامی نے پورے انتخابی عمل پر سوال اٹھایا تھا ،جماعت اسلامی کی کراچی سے جیتی نشستوں کو ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی میں فارم 47کے ذریعے تقسیم کیا گیاحالانکہ ان نشستوں پر جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی میں مقابلہ تھا، حکمران پارٹیوں کا تونام و نشان نہیں تھا ۔ الیکشن کمیشن نے اب جس نشست کو حافظ نعیم الرحمن کے کھاتے میں ڈال کر معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کیا اس پر امیر جماعت کو فارم 45 پر چند ووٹوں سے شکست ہوئی تھی اور فارم 47 پر انہیں کامیاب قرار دے کر خاموش کرانے کی کوشش کی گئی، لیکن حافظ نعیم نے نہ صرف شکست تسلیم کی بلکہ دھاندلی کوبے نقاب کیا، الیکشن کمیشن اپنا قبلہ درست کرے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں