گوشوارے جمع نہ کرانے پر وفاقی وزرا ، پارلیمنٹ ، صوبائی اسمبلیوں کے 159 ارکان کی رکنیت معطل

 گوشوارے جمع نہ کرانے پر وفاقی  وزرا ، پارلیمنٹ ، صوبائی اسمبلیوں  کے 159 ارکان کی رکنیت معطل

اسلام آباد(دنیا نیوز،مانیٹر نگ ڈیسک ، سٹاف رپورٹر )الیکشن کمیشن نے اثاثوں کے گوشوارے جمع نہ کروانے پر 159 ار اکین پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلی کی رکنیت معطل کر دی۔

قومی اسمبلی کے 32، پنجاب اسمبلی کے 50، سندھ اسمبلی کے 33، خیبر پختونخوا اسمبلی کے 28، بلوچستان اسمبلی کے 7 اور سینیٹ کے 9 ارکان کی رکنیت معطل کی گئی۔ وفاقی وزیر مصدق ملک، خالد مقبول صدیقی، ارشد وہرا، سردار اختر مینگل، سید عبدالقادر گیلانی، علی موسیٰ گیلانی، سائرہ افضل تارڑ اور مہرین رزاق بھٹو کی رکنیت بھی معطل کر دی گئی ہے ۔سندھ اسمبلی سے سپیکر اویس قادر شاہ، قائم علی شاہ اور آغا شہباز درانی کی رکنیت معطل کی گئی جبکہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الر حمن ،سعید غنی کی رکنیت بھی معطل کی گئی۔سینیٹ سے فوزیہ ارشد، عابد شیر علی، مراد سعید اور نور الحق قادری کی رکنیت معطل کی گئی۔معطل ارکان رکنیت بحال ہونے تک پارلیمنٹ یا صوبائی اسمبلی کی کسی کارروائی کا حصہ نہیں بن سکتے ۔دوسری جانب قومی اسمبلی کے اجلاس میں سپیکر قومی اسمبلی نے 32 ارکان کو اثاثہ جات کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع نہ کروانے پر ایوان میں داخلے سے روک دیا۔ قومی اسمبلی اجلاس میں سپیکرنے کہاکہ ریٹرنزجمع نہ کرانے پر 32ارکان کی حاضری نہیں ہے اوروہ معطل ہیں ۔سپیکرنے کسی رکن کانام لئے بغیرکہا کہ اس وقت بھی ریٹرن جمع نہ کرانے والے بعض ار کان ہائوس میں موجود ہیں وہ ایوان سے چلے جائیں ۔سپیکر نے ہدایت کی کہ اثاثہ جات کی تفصیلات جمع نہ کروانے والے ارکان کو حاضری نہ لگانے دی جائے ، لسٹ موجود ہے اپنے نام دیکھ لیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں