الیکشن کمیشن نے اسلا م آباد کے بلدیاتی انتخابات روک دیئے :شیڈول واپس
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،اپنے نامہ نگارسے )وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات روک دئیے گئے ، اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے شیڈول واپس لے لیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق بلدیاتی آرڈیننس کی وجہ سے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول واپس لیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ حکومت نے 10 جنوری کو اسلام آباد بلدیاتی حکومت ترمیمی آرڈیننس جاری کیا تھا، جس میں وفاقی دارالحکومت میں مقامی حکومت کا ڈھانچہ تبدیل کیا گیا ہے ، جس پر الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن میں بتایا کہ مقامی حکومتوں کے انتخابات کا موڈ بھی تبدیل ہوا ہے ، جس کی وجہ سے اسلام آباد میں مقامی حکومتوں کے انتخابات کا شیڈول واپس لیا جاتا ہے ۔قبل ازیں الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں 15 فروری کو بلدیاتی الیکشن شیڈول کا اعلان کیا تھا۔ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس اعظم خان نے اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈیننس 2026کے خلاف جماعت اسلامی کی درخواست میں وفاق اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ جماعت اسلامی اسلام آباد کے امیر نصر اللہ رندھاوا وکلاء کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے ،وکیل نے موقف اختیارکیا پہلے بھی عدالت نے بلدیاتی انتخابات کا حکم دیا لیکن الیکشن نہیں کرائے گئے ،عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر توہین عدالت دائر کی لیکن کچھ نہیں ہوا،جسٹس اعظم خان نے کہا فریقین کو سنے بغیر کوئی حکم نہیں دے سکتے ،عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت27 جنوری تک ملتوی کردی۔