پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم نہ کرنا عوام دشمنی :جے یو آئی
حکمران اپنے اخراجات کا بوجھ مہنگائی کے مارے غریب عوام پر ڈال رہے ہیں حکومت کے غلط معاشی فیصلوں کے باعث مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ، ترجمان
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ) جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے پٹرولیم مصنوعات پرعوام کو ریلیف سے محروم رکھنے پر ردِعمل میں کہا کہ مہنگائی کے دور میں عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں ۔جعلی ووٹوں سے مسلط حکمران میڈیا پر معیشت کی بہتری کی خبریں چلاتے ہیں۔ حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ کرنا عوام دشمنی ہے ۔حکمران اپنے اخراجات کا بوجھ مہنگائی کے مارے عوام پر ڈال رہے ہیں ،عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود حکومت کی جانب سے اس کا فائدہ عوام تک منتقل نہ کرنا افسوسناک ہے ۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے سے اشیائے خوردونوش اور روزمرہ استعمال کی دیگر اشیا مزید مہنگی ہو جائیں گی۔ غریب اور متوسط طبقہ دن بدن پستا جا رہا ہے ۔اسلم غوری نے کہا کہ حکومت کے غلط معاشی فیصلوں کے باعث مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے عوام کی قوتِ خرید بری طرح متاثر ہو چکی ۔حکومت اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری نظرثانی کرے ۔