ایوان بالا کاسال نو کا پہلا اجلاس، احتجاج نہ شور،حاضری کم رہی
اپوزیشن لیڈر تقرری زیر بحث نہ آئی، سرد موسم کیطرح ایوان کا ماحول بھی سرد رہا
اسلام آباد (سیدقیصرشاہ ) ایوان بالا کا سال نو کا پہلا اجلاس غیر متوقع طورپراپوزیشن کے شورشرابے اوراحتجاج کے جاری رہا۔اجلاس میں اپوزیشن لیڈرکی تقرری کا معاملہ بھی نہیں اٹھایا گیا ۔پہلے اجلاس میں وزرا سمیت حکومتی ممبران اور اپوزیشن کے ممبران کی حاضری بھی معمول سے کم تھی تاہم اجلاس کا ایجنڈا یکسوئی سے مکمل کیا گیا ،اجلاس میں پی ٹی آئی کے ممبر کی جانب سے ممبران سینیٹ کے استحقاق بارے قرار داد پر اپوزیشن ممبران سمیت حکومتی ممبران نے بھی دستخط کئے جیسے چند ماہ قبل تنخواہوں اور مراعات میں اضافے بارے پورا ایوان ایک پیج پر تھا۔ ویسے ہر معاملے پرجہاں تنقید کی جاتی ہے وہاں دونوں اطراف سے ایک دوسرے کو آڑھے ہاتھوں لیا جاتا ہے ،سرد موسم کی طرح ایوان کا ماحول بھی سرد رہا، نہ کسی نے بات کرنے کے لئے اپنی نشست پر کھڑے ہوکر احتجاج کیا نہ ہی کسی نے بات کرنے کاموقع نہ دینے کا شکوہ کیا ۔ ایوان بالا میں قائد حزب اختلاف کی تقرری کا معاملہ آئندہ اجلاس تک حل ہونے کا امکان ہے ۔