دُھند، حادثات : ایک خاندان کے 14 افراد سمیت 24 جاں بحق

دُھند، حادثات : ایک خاندان کے 14 افراد سمیت 24 جاں بحق

ٹرک نہرمیں گرنے سے جڑانوالہ کے رہائشی 14افراد، اورماڑہ میں کوچ الٹنے سے 10مسافروں نے دم توڑا موٹرویز کئی جگہ سے پھر بند، 25 پروازیں متاثر،3 منسوخ ، شدید سردی، بارش ،پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی

 سرگودھا ، جڑانوالہ،لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ (نمائند گان دنیا، ایجنسیاں)لاہور سمیت صوبے بھر میں شدید سردی اور دھند کی صورتحال برقرار ہے ،شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ خطرناک حد تک کم ہونے پر متعدد اہم موٹرویز کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا،دھند کے باعث لاہورکے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 25پروازیں متاثر،3 منسوخ کردی گئیں۔پنجاب میں موسم کا نیا سسٹم داخل ہوگیا، جس کے بعد شدید سردی، بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق استور سمیت بالائی علاقوں میں شدید برفباری ہوئی ہے جس سے استور کا شمالی بالائی علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا،لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ۔ ادھر سرگودھا کی تحصیل کوٹ مومن کے علاقہ گھلا پور بنگلہ کے قریب شدید دھند کے باعث منی ٹرک بے قابو ہوکر خشک نہر میں گر گیا جس کے نتیجہ میں ٹرک میں سوارفیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ کے رہائشی خاندان کے 23میں سے 14افراد جاں بحق اور 9شدید زخمی ہوگئے۔

علاوہ ازیں بلوچستان کے علاقے اورماڑہ کے قریب کوسٹل ہائی وے پر کراچی سے جیوانی جانے والی تیز رفتار مسافر کوچ ڈرائیور سے بے قابو ہوکر الٹنے کے نتیجے میں 10مسافر جاں بحق جبکہ 36زخمی ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ کے تھانہ روڈالہ کے چک نمبر364گ ب کا رہائشی ماچھی خاندان اسلام آباد میں اپنے رشتہ دار کے جنازے ، تدفین میں شرکت کے بعد واپس جڑانوالہ آرہا تھا کہ شدید دھند کے باعث ڈرائیور کو سامنے کا راستہ نظر نہ آیا ،جس کے نتیجے میں گھلا پوربنگلہ کے قریب ٹرک بے قابو ہوکر پل سے نیچے نہر میں جا گرا ، وارہ بندی کے سلسلہ میں نہر بند تھی،ٹرک کے نیچے دب کر 7 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ۔ریسکیو اہلکاروں نے لاشوں اور دیگر شدید زخمی ا فراد کو ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا جہاں دوران علاج مزید 7 زخمی دم توڑ گئے ۔

مرنے والوں میں 6 بچے ، 5 خواتین اور 3 مرد شامل ہیں۔جاں بحق افراد میں 50سالہ مصری خان ولد اکرم،65سالہ حلیمہ بی بی زوجہ غلام عباس، 65سالہ یاسین ولد رمضان،35سالہ سونیا بی بی زوجہ طارق،35سالہ پٹھانی بی بی زوجہ ولایت، 2سالہ ہانیہ دختر ممتاز،19سالہ امن فاطمہ زوجہ ندیم عباس، 35سالہ رانی زوجہ ممتاز،2سالہ حارث ولد ندیم،30سالہ وسیم عباس ولد عباس، 2سالہ اوزین فاطمہ دختر ندیم،2سالہ محمد ثقلین رضا ولد ظہیر،6سالہ حورم دختر ظہیر،16سالہ آمنہ دختر ممتاز شامل ہیں جنہیں آبائی قبرستان جڑانوالہ کے تھانہ صدر کے چک ککڑاں خانوآنہ میں سپرد خاک کردیا گیا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہواؤں کا سسٹم پنجاب میں داخل ہو گیا جس کے باعث لاہور سمیت صوبے بھر میں شدید سردی اور دھند کی صورتحال بدستور برقرار رہے گی جبکہ 20 سے 23 جنوری کے دوران مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری اور بارش کا امکان ہے ۔ اسی دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی بارش متوقع ہے ۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم ون پشاور سے رشکئی تک دھند کے باعث بند ہے ،موٹروے ایم ٹو ٹھوکر نیاز بیگ سے چکری انٹرچینج تک،موٹروے ایم تھری فیض پور سے جڑانوالہ تک،موٹروے ایم الیون لاہور سے سمبڑیال تک، ایم فورٹین داؤد خیل سے عیسیٰ خیل تک اور موٹروے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک بند کردی گئیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں