ججز کردار کشی کیخلاف درخواست کی سماعت،رپورٹس پیش

ججز کردار کشی کیخلاف درخواست کی سماعت،رپورٹس پیش

برطرف افسر کے روسٹرم پرپیش ہونے پرجسٹس علی ضیاء باجوہ کا اظہار برہمی ججوں کیخلاف توہین آمیز مواد فوری ہٹانے کا حکم دیا جائے :وکیل درخواستگزار

لاہور (کورٹ رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ میں سوشل میڈیا پر ججوں کی کردار کشی کے خلاف درخواست کی سماعت،این سی سی آئی اے اورپی ٹی اے کی جانب سے رپورٹس عدالت پیش کردی گئیں،جسٹس علی ضیا باجوہ نے پیش کردہ رپورٹس کاجائزہ لینے کیلئے سماعت چیمبر میں رکھ لی۔سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ عدالتی حکم پرغیر مناسب مواد کیخلاف کارروائیوں کی تشہیری مہم چلادی ۔عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ جس جس پلیٹ فارم پر میسج چلوا رہے ہیں اس کے لنک عدالت کو دئیے جائیں۔

عدالت نے برطرف افسر کے روسٹرم پرپیش ہونے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ تا حکم ثانی اس کوکمرہ عدالت سے باہر نہ جانے دیا جائے۔ برطرف افسر اکمل خان نے کہا کہ میں نے ججز کی کردار کشی کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دی ۔عدالت نے کہا کہ تحریری طور پر بتا ؤ روسٹرم پرکس کی اجازت سے کھڑے ہوئے ؟۔درخواست گزار کے وکیل میاں داؤد نے موقف اپنایا کہ لاہور ہائیکورٹ کی خواتین ججز کیخلاف سوشل میڈیا پر کردار کشی مہم چلائی جا رہی ہے ،چیف جسٹس ہائیکورٹ کیخلاف مہم میں متعددسوشل میڈیا اکائونٹس ملوث ہیں ، مہم پر نیشنل سائبر کرائم ایجنسی مکمل خاموش ہے ،استدعا ہے ججوں کی کردار کشی میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کرنے کا حکم دیا جائے ،ججوں کیخلاف توہین آمیز مواد فوری ہٹانے کا حکم دیا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں