کراچی پورٹ سے قازقستان تک ریلوے کنیکٹیوٹی کا منصوبہ تیار
3فروری صدر قازقستان کے دورہ پاکستان کے دوران معاہدہ پر دستخط ہونگے منصوبہ پاکستان کو وسطی ایشیا سے براہِ راست جوڑے گا،حنیف عباسی ،سفیرقازقستان سے گفتگو
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار)قازقستان کے صدر 3 فروری کو پاکستان کا دورہ کرینگے ، اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان ریلوے منصوبہ کے حوالے معاہدہ پردستخط کیے جا ئیں گے ۔ اس حوالے سے وفاقی وزیرِ ریلوے سے قازقستان کے سفیر نے ملاقات کی ۔
وزیرِ ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کے ریلوے سیکٹر میں ایک تاریخی پیشرفت ہے ۔ کراچی پورٹ سے قازقستان تک ریلوے کنیکٹیوٹی کا منصوبہ تیار ہے ، جو خطے میں تجارتی روابط کو فروغ دے گا اور پاکستان کو وسطی ایشیا سے براہِ راست جوڑے گا۔ چمن کے راستے افغانستان، ترکمانستان اور قازقستان تک ریلوے نیٹ ورک کو جامع انداز میں مربوط کیا جائے گا۔ یہ منصوبہ 7 ارب ڈالر مالیت کا ہے جسے تین سال کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔