پنجاب،عدلیہ کی کارکردگی دکھانے والا سافٹ ویئر تیار
ججز کی روزانہ کی کارکردگی ویب سائٹ پر عوام کیلئے ون کلک پر دستیاب ہوگی کام نہ کرنے والے ججز کا احتساب آسان ہوگا:چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ
لاہور (محمد اشفاق سے )چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کے حکم پر ماتحت عدلیہ کے ججز کی کارکردگی روزانہ کی بنیاد پر عوام کے سامنے لانے کیلئے سافٹ ویئر تیارکرلیا گیا۔ ایڈیشنل رجسٹرار آئی ٹی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کو نئے سافٹ ویئر سے متعلق بریفنگ دی۔ ایڈیشنل رجسٹرار نے بتایا کہ ججز کی روزانہ کی کارکردگی ویب سائٹ پر عوام کے سامنے ون کلک پر دستیاب ہوگی ،پنجاب کے کسی بھی ضلع میں کتنے کیسز روزانہ کی بنیاد پر دائر ہوئے ؟ ،کتنے کیسز نمٹائے گئے اور کتنے کیسز زیر التوا ہیں ؟، اس حوالے سے بھی تمام معلومات مہیا کی جائیں گی۔چیف جسٹس عالیہ نیلم نے آئی ٹی کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا عوام کا حق ہے کہ وہ جان سکیں کہ ججز کیا کررہے ہیں، اس سافٹ ویئر سے جو کام نہ کرنے والے ججز ہیں ان کا احتساب کرنے میں آسانی ہوگی۔چیف جسٹس عالیہ نیلم نے سافٹ ویئر کو لاہور ہائیکورٹ کی ویب سائٹ کے ساتھ لنک کرنے کا حکم دیدیا ۔