سینیٹ:بلوچستان دہشتگردانہ حملوں کیخلاف متفقہ قرارداد منظور

سینیٹ:بلوچستان دہشتگردانہ حملوں کیخلاف متفقہ قرارداد منظور

کسی اگر مگر کے بغیر دہشتگردوں کو دہشتگرد کہنا اور آپریشن کرنا چاہئے ، رانا ثنا امن کے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں:ناصر عباس ،قوم فوج کے ساتھ:انوار کاکڑ

اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے ) سینیٹ نے بلوچستان میں حالیہ دہشت گردانہ حملوں کیخلاف متفقہ قرارداد منظور کر لی ۔ سینیٹ کا اجلاس قائم مقام چیئرمین سیدال خان کی صدارت میں ہوا جس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف قرارداد پیش کی ۔قرارداد میں دہشت گرد حملوں میں شہید ہونے والوں کے لیے فاتحہ خوانی،زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا اور سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو سراہا گیا۔ قرارداد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ واقعات کی شفاف،تیز اور حتمی تحقیقات کر کے مجرموں،سہولت کاروں اور مقامی و بین الاقوامی سپانسرز کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

مسلم لیگ ن کے سینیٹر رانا ثنااللہ نے کہا کہ بلوچستان میں مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر ناراض لوگ نہیں بلکہ دہشت گرد ہیں،کسی اگر مگر کے بغیر دہشت گردوں کو دہشت گرد کہا جانا چاہیے اور بلا امتیاز آپریشن ہونا چاہیے ۔ اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ امن کے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں،کوئٹہ میں دہشت گرد ریڈ زون تک پہنچ گئے مگر کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان واقعہ قومی سطح پر سوگ کا اعلان ہونا چاہیے تھا،رول آف لا کے بغیر مسائل حل نہیں ہوں گے اور پارلیمنٹ کو نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے ۔ 8 فروری کو پرامن احتجاج کرنے دیاجائے اچھا پیغام جائے گا ورنہ غصہ بڑھے گا۔ سابق وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ دہشت گردوں کو شکست ہوگی،پاکستان ہی جیتے گا اور پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں