لوگ بسنت پر ایسے خوش جیسے عید کاچا ند نظر آگیا،حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں:مریم نواز
شاندار ردعمل دینے پر عوام کا شکریہ ، باہر سے بھی پتنگیں اور ڈور منگوانے کی اجازت دی 7فروری کو لبرٹی چوک میں جشن ہوگا ، ایکس پر پیغام،’’گُڈی لہور دی اُڈی‘‘ گاناشیئر
لاہور (سٹاف رپورٹر، کرائم رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بسنت کی خوشیاں منانے کے لئے شاندار ردعمل دینے پر عوام کا شکریہ ادا کیاہے ۔عوام سے بسنت کے دوران حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی اپیل کی ہے ۔ مریم نوازنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہوروالے ایسے خوشی منارہے ہیں جیسے عید کا چاند نظر آگیا ہو،صرف لاہور میں 6, 7 اور8 فروری کو بسنت کی اجازت دی گئی ہے ، باقی پنجاب میں پتنگ بازی پر بدستور پابندی ہے ۔ بسنت پر ہماری توقع سے زیادہ رسپانس آیا، بسنت کے پائلٹ پراجیکٹ کی کامیابی کے بعد دیگر شہروں میں جائزہ لیا جائے گا۔ پنجاب کے کلچر کو اپنائیں، سنبھالیں اور فخر محسوس کریں۔ خوشی منائیں مگر اپنی سلامتی کا بھی خیال کریں، آس پاس کے لوگوں کا تحفظ بھی ملحوظ خاطر رکھیں۔ ہر روٹ پر ٹرانسپورٹ مفت ہوگی، بائیک کی بجائے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کریں۔بسنت کے تہوار پر عوام کو60ہزار سے زائد رائیڈز مہیا کریں گے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ 419بسیں، میٹروبس،اورنج لائن ٹرین اور 6 ہزار یانگو رکشوں پر سفر بالکل مفت ہوگا۔
لاہور میں 7 لاکھ سے زائد بائیکس پر سیفٹی راڈ لگ چکے ہیں۔ گڈے کا سائز 40 ضرب 34انچ ہوگا،پتنگ کا سائز 35 ضرب 30 انچ ہوگا۔ صرف نو دھاگوں پر مشتمل کاٹن کی ڈور کا پنہ استعمال ہوگا، چرخی، دھاتی تار، تندی اور بلٹ پروف میٹریل وغیرہ منع ہے ۔ انہوں نے کہاکہ لاہور میں ضرورت کے تحت باہر سے بھی پتنگیں اور ڈور منگوانے کی اجازت دی گئی ہے ۔ ہر ایریا میں تھرمل ڈرون سرویلنس ہورہی ہے ، رات کو بھی نگرانی کریں گے ۔ لاہور میں بوسیدہ اورخطرناک عمارتوں کا سروے مکمل ہوچکا ہے ، سب سے فٹنس سرٹیفکیٹ لیے گئے ہیں۔کھلی چھت پرچار دیواری نہیں ہوگی تو سیفٹی کے لئے پتنگ بازی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ایمرجنسی کی صورت میں 51 ایمبولینس، 30 فائر بریگیڈ اور300 موٹرسائیکل ایمبولینس موجود ہوں گی۔رولز کی خلاف ورزی پر پانچ سے سات سال قید، اور 50 لاکھ روپے تک جرمانہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کو تین زونز میں تقسیم کیا گیاہے ،ہائی رسک زون میں 48، ییلو زون میں 32 اور گرین زون میں 20کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔
لبرٹی راؤنڈ اباؤٹ پر سب سے بڑی پتنگ اور لیزر لائٹس وغیر ہ کا شو ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قانون سازی کررہے ہیں، گٹر کے ڈھکن چوری کرنے والے ، بیچنے اور خریدنے والے کو ایک سے 10سال قید اور جرمانہ ہوگا۔ گٹر کا ڈھکن نہ ہونے سے کوئی ڈیتھ ہوئی تو ذمہ دار کو دس سال قید اور 30لاکھ جرمانہ ہوگا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ کہتے تھے جو ہمارے ساتھ ہے وہ نیک ہے اور باقی سب چور اور ڈاکو ہیں۔ یہ لوگ املاک کو جلانا سیاست سمجھتے ہیں،گلی محلے میں منفی سوچ پھیلاکر عوام کو سٹریس کا شکار کیا گیا۔ادھر محکمہ تعلقات عامہ پنجاب نے پہلی ڈی ایس این جی اینڈ او بی وین لانچ کر دی ہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ڈی ایس این جی اینڈ اوبی وین پراجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا اور ڈی ایس این جی اینڈ اوبی وین کا معائنہ بھی کیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’پر اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے 7 فروری کو جشن کا اعلان کر دیا۔
ان کا کہنا تھا لاہور اور پنجاب بھر کے شہری آئیں لبرٹی چوک میں ہمارے ساتھ بسنت کا تہوار منائیں۔اُنہوں نے کہا 7 فروری کو لبرٹی چوک میں جشن ہوگا ۔ وزیر اعلیٰ نے بسنت کے حوالے سے گانا ‘‘گُڈی لہور دی اُڈی’’ بھی شیئر کیا۔ ادھروزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھاٹی گیٹ میں مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے والی خاتون سعدیہ کے شوہر غلام مرتضیٰ پر مبینہ تشدد کے واقعے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کا نوٹس لے لیا ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق غلام مرتضیٰ پر تشدد کی نوعیت کا تعین کرنے کے لیے اس کا میڈیکل کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ شہری کا میڈیکل پولیس کی نگرانی میں شورکوٹ کے مقامی ہسپتال میں کیا جائے گا۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیکل رپورٹ سامنے آنے کے بعد مبینہ طور پر تشدد میں ملوث پولیس افسرون کے خلاف مقدمہ درج کیے جانے کا امکان ہے ۔