عمران نے علاج کیلئے پمز جانیکی خواہش ظاہر کی ،وزیر قانون
اگر دوبارہ بھی کوئی مسئلہ پیدا ہوا تو انہیں یہی سہولیات فراہم کی جائیں گی،اعظم نذیر قیدی کو سہولیات نہ ملنے پراسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا جا سکتا ،سینیٹ میں خطاب
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے )وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے خود خواہش ظاہر کی کہ انہیں پمز ہسپتال میں لے جایا جائے اور علاج وہی سے کروایا جائے ۔ انہوں نے ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران بتایا کہ اگر دوبارہ کوئی مسئلہ پیدا ہوا تو انہیں یہی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ سابق وزیراعظم نے خود کہا کہ اگر امن و امان کی صورتحال کا مسئلہ ہوا تو شام کو پمز ہسپتال لے جائیں کیونکہ یہ ایک بہترین ہسپتال ہے ۔ پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے بھی پریس کانفرنس میں بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کو پیش آنے والے مسئلے پر انہوں نے خود کہا کہ یہ انجکشن پمز میں لگوایا جائے ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آئین پاکستان ہر شخص کو حقوق دیتا ہے اور ان کا اطلاق آئینی طریقے سے ہوتا ہے ۔ سزا یافتہ قیدی کی سہولت کی ذمہ داری اپیلٹ کورٹ کی ہے اور قیدی کو سہولیات نہ ملنے کی صورت میں اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا جا سکتا ہے ۔ اعظم نذیر تارڑ نے رانا ثناء اللہ کی مثال دی کہ جب انہیں گرفتار کیا گیا تو آنکھ کا فالج تھا اور انہیں باون ڈگری درجہ حرارت میں زمین پر رکھا گیا جبکہ جیل ڈاکٹر سے بھی نہیں ملنے دیا گیا اور ان پر منشیات کا کیس بھی درج تھا۔ وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ سابق وزیراعظم کو طبی سہولیات دینے میں کوئی کمی نہیں کی گئی، بانی پی ٹی آئی کی صحت بالکل ٹھیک ہے ۔