پتنگوں پر تصاویر کی پابندی: 11فروری کو عملدرآمد رپورٹ طلب

 پتنگوں پر تصاویر کی پابندی: 11فروری کو عملدرآمد رپورٹ طلب

صرف لاہور میں بسنت کیخلاف درخواست پر 12 فروری کو بسنت پلان طلب لیسکو نے بلا تعطل بجلی فراہمی ، سیفٹی بارے 27 نکاتی پلان ہائیکورٹ جمع کرا دیا

لاہور(کورٹ رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ نے بسنت کے موقع پر پتنگوں پر تصاویر چھاپنے ، گانوں پر پابندی کے خلاف درخواست پر 11 فروری کو عملدرآمد رپورٹ جبکہ پورے صوبے کی بجائے صرف لاہور میں بسنت منانے کے خلاف درخواست پر12 فروری کو بسنت پلان طلب کرلیا ،دوسری طرف لیسکو نے بسنت کے موقع پر بلا تعطل بجلی فراہم کرنے اور سیفٹی سے متعلق 27 نکاتی پلان ہائیکورٹ میں جمع کرادیا ۔تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ملک اویس خالد نے بسنت کے موقع پر پتنگوں پر تصاویر چھاپنے ، گانوں پر پابندی کے خلاف درخواست کی سماعت کے دوران قانون کی خلاف ورزی پر 15 طرز پر ایمرجنسی نمبر جاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ایک نمبر دیا جائے جس پر عوام اپنی شکایات درج کروا سکیں،بسنت پر عوام کے تحفظ کیلئے پی ایچ اے کیا کر رہا ہے ؟ ،حفاظتی اقدامات کی رپورٹ پیش کی جائے ۔ دریں اثناء پورے صوبے کی بجائے صرف لاہور میں بسنت منانے کے خلاف درخواست کی سماعت کے د وران جسٹس ملک اویس خالد نے ریمارکس میں کہا کہ صوبہ کے دیگر شہروں میں بسنت منانے کے حوالے سے اقدامات کی رپورٹ دی جائے ، سپیشل سیکرٹری ہوم نے موقف اپنایا کہ تمام ڈویژنوں کے کمشنرز کو قانون میں اختیار دیا گیا ہے ۔ادھر لیسکو کی جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق تمام آپریشنل اور فیلڈ سٹاف کو بسنت کے دنوں میں ہائی الرٹ رہنے کا حکم جاری کردیا گیاہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں