ہڑتال : پی ٹی آئی کارکنوں کے گھروں پر چھاپے ، متعدد گرفتار

 ہڑتال : پی ٹی آئی کارکنوں کے گھروں پر چھاپے ، متعدد گرفتار

لدھیوالہ وڑائچ، راہوالی میں کارکنوں کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا پی ٹی آئی کے مقامی رہنما اور کارکنوں کی اکثریت روپوش ، مزید کئی علاقوں میں بھی چھاپے

لدھیوالہ وڑائچ، راہوالی (نامہ نگاران) تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے 8 فروری کو ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کے اعلان کے بعد پولیس کا لدھیوالہ،کوٹ اسحاق مدوخلیل ،کوٹلی ریت والی میں تحریک انصاف کے کارکنوں کے گھروں پر چھاپے متعدد کارکن گرفتار کر لئے گئے ۔تحریک انصاف کے کارکنوں کی گرفتایوں کے لئے ان کے گھروں پر چھاپے کے دوران ٹھکر کے سے مولوی شوکت ،ساہنکے سے سابق وائس چیئرمین خالد سیف گجر ،کوٹ اسحاق سے نصیر گجر قلعہ دیدار سنگھ سے محمود الحسن ککے زئی سمیت متعدد کارکنوں کو پولیس نے گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے جبکہ تحریک انصاف کے درجنوں کارکن چھاپوں سے قبل روپوش ہو چکے ہیں۔تھانہ کینٹ پولیس نے تحریک انصاف کی طرف سے 8فروری کو دی جانے (صفحہ5بقیہ نمبر2)

 والی احتجاجی کال کے سلسلہ میں راہوالی کے تحریک انصاف کے کارکنان کی گرفتاریاں شروع کردیں۔ رات گئے تحصیل نائب صدر ذیشان اقبال اور کینٹ تنظیم خواتین ونگ کی جنرل سیکرٹری عظمیٰ خاں کو ان کے گھروں سے حراست میں لیا گیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ پولیس ان عہدیداران اور کارکنوں کو 8فروری کو دی جانے والی کال کے پیش نظر گرفتار کررہی ہے جبکہ پی ٹی آئی کے مقامی رہنما اور کارکنان کی اکثریت روپوش ہوگئی ہے ۔ گرفتاری کے لئے مزید کئی علاقوں میں چھاپے مارے گئے ۔حویلی لکھا میں پاکستان تحریکِ انصاف کے 8 فروری کو ہونے والے احتجاج کے سلسلے میں پولیس نے دو کارکنان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار کارکنان میں سعید بھٹی اور ممتاز کھوکھر شامل ہیں۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں