خودکش حملہ، ملکی معیشت کیخلاف گہری سازش :وزیرخزانہ
اسلام آباد(آن لائن) وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے اسلام آباد خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ملک کے امن اور معاشی استحکام پر حملہ قرار دیا ہے ۔
اپنے ایک خصوصی بیان میں وزیرِ خزانہ نے دھماکے کے نتیجے میں ہونے والے بڑے پیمانے پر قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیا۔سینیٹر محمد اورنگزیب نے حملے کے پیچھے چھپے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ خودکش حملہ محض ایک دہشت گردانہ کارروائی نہیں بلکہ پاکستان کے امن، استحکام اور معیشت کی ترقی کے خلاف ایک گہری سازش ہے ۔