مضبوط جمہوری نظام کیلئے آئین کی بالادستی،انتظامیہ کا احتساب ضروری ـ:عالمی پارلیمانی کا نفرنس

مضبوط  جمہوری  نظام  کیلئے  آئین  کی  بالادستی،انتظامیہ  کا  احتساب  ضروری ـ:عالمی  پارلیمانی  کا نفرنس

پبلک اکاؤنٹس کمیٹیوں کو مضبوط بنانے ، شفاف حکمرانی اور عوامی وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال کی حمایت،کراچی ڈکلریشن منظور اسمبلی میں حکومت،اپوزیشن قیادت کاساتھ بیٹھنا جمہوری اعتماد کا پیغام ہے ،وزیراعلیٰ سندھ،ایشیا ریجنل کانفرنس اختتام پذیر

کراچی(سٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی کی میزبانی میں منعقد ہونے والی ساتویں سی پی اے ایشیا ریجنل کانفرنس اور دوسری مشترکہ سی پی اے ایشیا و جنوب مشرقی ایشیا ریجنل کانفرنس اختتام پذیر ہو گئی۔ کانفرنس کے اختتام پر کراچی ڈکلریشن کی منظوری دی گئی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سپیکر اویس قادر شاہ نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں پہلی بار عالمی پارلیمانی نمائندوں کی میزبانی ایک تاریخی پیشرفت ہے ۔ کراچی ڈکلریشن میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ جمہوری نظام کو مضبوط بنانے کے لیے پارلیمان کا مؤثر کردار، آئین کی بالادستی اور انتظامیہ کا احتساب نہایت ضروری ہے ۔اعلامیے میں پارلیمانی نگرانی کے نظام، خصوصاً پبلک اکاؤنٹس کمیٹیوں کو مضبوط بنانے ، شفاف حکمرانی اور عوامی وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال کی حمایت کی گئی ہے ۔ اختتامی تقریب سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن کی قیادت کا ایک ساتھ بیٹھنا جمہوری اعتماد کا مضبوط پیغام ہے کیونکہ جمہوریت اختلاف کے باوجود احترام کے ساتھ مل کر کام کرنے سے مضبوط ہوتی ہے ۔دوسری جانب سندھ اسمبلی کے لان میں سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے سندھ کلچرل بازار لگایا گیا، جہاں روایتی کھانے ، دستکاری اور ثقافتی اشیا پیش کی گئیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں