قوم کی تعمیر میں کیڈٹ کالج حسن ابدال کا اہم کردار :خواجہ آصف
خوش قسمت ہیں وہ والدین جن کے بچے اس عظیم درسگاہ میں زیر تعلیم ہیں مادرِ علمی کا قرض نہیں اتار سکتا ، تعمیر و ترقی کیلئے تعاون جاری رکھیں گے ، خطاب
حسن ابدال (اے پی پی)وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ کیڈٹ کالج حسن ابدال جیسے ادارے ملک و قوم کی تقدیر بدلنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، اعلی معیارِ تعلیم کے ساتھ بہترین اخلاقی تربیت اس ادارے کا خاصہ ہے ۔ کیڈٹ کالج حسن ابدال میں'یومِ والدین' کی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ میں مادرِ علمی کا قرض نہیں اتار سکتا" اپنے خطاب میں وفاقی وزیر نے ایک "ابدالین" ہونے پر گہرے فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگی کی تمام تر کامیابیاں اسی ادارے کی مرہونِ منت ہیں۔
انہوں نے والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ خوش قسمت ہیں جن کے بچے اس عظیم درسگاہ کے طالبعلم ہیں۔ خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ وہ اپنی مادرِ علمی کا قرض تو نہیں اتار سکتے ، تاہم اس کی تعمیر و ترقی کے لیے اپنا ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے ۔شاندار عسکری و تربیتی مظاہرے اس سے قبل کالج آمد پر گھڑ سوار کیڈٹس کے چاک و چوبند دستے نے مہمانِ خصوصی کو سلامی پیش کی۔ خواجہ محمد آصف نے اساتذہ سے تعارف کے بعد کیڈٹس کی تیار کردہ تخلیقی مصنوعات کی نمائش دیکھی اور ان کی ذہانت کو سراہا۔ مہمانِ خصوصی نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا میں یادگاری شیلڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے ۔