ملک ناانصافی کی علامت بنادیا گیا
جعفرآباد(این این آئی) سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں نے پاکستان کو کرپشن، بدامنی، مہنگائی اور ناانصافی کی علامت بنادیا ہے۔
آج دنیا پاکستان کو ایک خوبصورت اسلامی ریاست کے بجائے بدعنوانی اور عدم استحکام کے تناظر میں جانتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جعفرآباد میں رکن بلوچستان اسمبلی و صوبائی پارلیمانی سیکرٹری عبدالمجید بادینی کے فرزندان اور دیگردولہائوں کے اجتماعی نکاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جہاں انہوں نے 13 جوڑوں کا نکاح پڑھایا۔تقریب میں صوبائی پارلیمانی سیکرٹری عبدالمجیدبادینی نے بھی خطاب کیاہے ۔سراج الحق نے کہا کہ بلوچستان ایک خوبصورت گلدستہ ہے مگر بدقسمتی سے نااہل اور ظالم حکمرانوں نے اسے لہولہان کر دیا ہے ۔ دہشتگردی، بدامنی اور لاقانونیت کا خاتمہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ، مگر یہ صرف بیانات سے ممکن نہیں، اس کے لیے مخلص، دیانتدار اور عوام دوست قیادت درکار ہے ۔ عوام مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کے ہاتھوں پریشان ہیں، جبکہ حکمران طبقہ پروٹوکول اور مراعات میں مصروف ہے ۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو روزگار سے محروم، مریضوں کو علاج سے اور بچوں کو تعلیم کے حق سے محروم کر دیا گیا ہے ، کوئٹہ کے شہری علاج اور تعلیم کے لیے کراچی اور دیگر شہروں کا رخ کرنے پر مجبور ہیں۔