پردہ چشم کی رگ میں رکاوٹ معمر افراد میں بینائی کمزور ہونے کی عمومی وجہ،علاج کیلئے جلد تشخیص ضروری
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)برطانیہ میں صحت عامہ کے ادارے این ایچ ایس کے مطابق معمر افراد میں بینائی کمزور ہونے کی عمومی وجہ ریٹینل وین آکلوژن یعنی پردئہ چشم کی رگ میں رکاوٹ پیدا ہونا ہے جس سے وہاں خون کا لوتھڑا بن سکتا ہے۔
آنکھ کے کالے حصے کے پیچھے واقع پتلی تہہ ریٹینا کہلاتی ہے جو کہ پرانے وقتوں کے کیمروں کی فلم جیسی ہوتی ہے ۔ رگ میں رکاوٹ پیدا ہونے سے آنکھ سے خون یا دوسرے مائع ریٹینا میں لیک ہوتے ہیں جس سے زخم بنتے ہیں، سوجن ہوتی ہے یا آکسیجن کی قلت بھی ہوتی ہے ۔ یوں روشنی جذب کرنے والے خلیات کے کام میں خلل پیدا ہوتی ہے اور بینائی کمزور ہوتی ہے ۔این ایچ ایس کے مطابق یہ حالت 60 سال سے کم عمر افراد میں عام نہیں ہے ۔اس حالت کی وجوہات میں ہائی بلڈ پریشر، ہائی کولیسٹرول، گلاکوما، ذیابیطس، سگریٹ نوشی اور خون کی نایاب بیماریاں شامل ہیں۔ماہرین کی رائے ہے کہ اس حالت کی جلد تشخیص ضروری ہے تاکہ اس کا علاج ممکن ہو سکے۔