ڈیٹا اپڈیٹ نہ کرنے پر 2 ہزار افسروں کی ترقی خطر ے میں
مختلف سروس گروپس کے گریڈ 17تا 22کے افسروں کے خلاف کارروائی کا عندیہ افسروں کو مکمل اور درست ڈیٹا ایچ آر ایم آئی ایس پر ترجیحاً اپڈیٹ کرنے کی ہدایت
اسلام آباد (ایس ایم زمان)اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ہیومن ریسورس مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (ایچ آر ایم آئی ایس)میں ڈیٹا اپ ڈیٹ نہ کرنے والے تین سروس کیڈر گروپس کے 17 تا 22 گریڈ کے دو ہزار سے زیادہ افسران کے خلاف کارروائی اور ترقی روکنے کا عندیہ دیا ہے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق ڈیٹا اپ ڈیٹ نہ کرنے کی صورت میں افسران کی ترقی متاثر ہو سکتی ہے ۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن مراسلے میں کہا گیا ہے کہ متعدد ہدایات کے باوجود پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس ، پولیس سروس آف پاکستان ، سیکرٹریٹ گروپ اور آفس مینجمنٹ گروپ کے متعدد افسران نے تاحال اپنا ریکارڈ ایچ آر ایم آئی ایس پر اپ ڈیٹ نہیں کیا۔ مراسلے کے مطابق سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ نے مذکورہ معاملہ کا نوٹس لیا ہے ۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق اتھارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ جو افسران مقررہ ہدایات پر عمل نہیں کریں گے ، ان کی ترقی پرمنفی اثرات مرتب ہوں گے ۔ مراسلے میں تینوں سروس گروپ کے افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ترجیحی بنیادوں پر مکمل اور درست ڈیٹا ایچ آر ایم آئی ایس پر درج اور اپ ڈیٹ کریں۔