ٹھیکریوالا:ڈاکٹر نثار احمد جٹ کے گھر چھاپہ، گرفتار نہ ہو سکے
اہلکاروں نے چادر چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا ، نامناسب زبان کا استعمال بجلی کاٹ دی گئی ،حکومت اوچھے ہتھکنڈے اختیار کر رہی ہے :رکن قومی اسمبلی
ٹھیکریوالا (نمائندہ دنیا )پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نثار احمد جٹ کے گھر گزشتہ رات پولیس نے بھاری نفری کے ہمراہ چھاپہ مارا، تاہم گرفتاری عمل میں نہ لائی جا سکی۔ذرائع کے مطابق چھاپے کے دوران پولیس اہلکاروں نے چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا اور مبینہ طور پر نامناسب زبان کا استعمال بھی کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر نثار احمد جٹ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پولیس نے ان کے گھر پر چھاپہ مار کر نہ صرف چادر اور چار دیواری کی حرمت پامال کی بلکہ اہلکاروں نے غیر مناسب رویہ اختیار کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یوٹیلیٹی بلوں کے تمام واجبات ادا ہونے کے باوجود فیسکو حکام نے ان کے گھر کی بجلی منقطع کر دی۔ڈاکٹر نثار احمد جٹ نے حکومت کی سیاسی و انتقامی کارروائیوں کی شدید مذمت کی اور کہا کہ اب یہ اوچھے ہتھکنڈے اختیار کر رہی ہے ۔