چیئر مین سینیٹ ،صدر جنرل اسمبلی کی ملاقات ،مسئلہ کشمیر کے حل پر زور

 چیئر مین سینیٹ ،صدر جنرل اسمبلی کی ملاقات ،مسئلہ کشمیر کے حل پر زور

دہشت گرد تنظیمیں افغان سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال کررہیں :گیلانی دہشتگردی کیخلاف مشترکہ جدوجہد تمام ممالک کے مفاد میں:صدر جنرل اسمبلی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں اعلٰی سطح وفد نے نیویارک میں صدر یو این جنرل اسمبلی اینالینا بیئربوک سے ملاقات کی، چیئر مین سینیٹ نے کثیرالجہتی تعاون کیلئے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دیا، ا س موقع پر چیئرمین سینیٹ کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا، پارلیمانی وفد نے صدریو این جنرل اسمبلی سے مسئلہ کشمیر کے حل اور دہشتگردی کے خلاف مؤثر اقدامات پر زور دیا اور کہا ہم ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات اور تنازعات کے پُرامن حل کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام کیلئے مسئلہ  کشمیر کا حل ناگزیر ہے ۔

بھارت نے سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ معطل کیا ہے ۔ بھارتی اقدام معاہدے اور سرحد پار آبی وسائل سے متعلق عالمی قانون کی خلاف ورزی ہے ۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کالعدم ٹی ٹی پی، بی ایل اے ، القاعدہ اور داعش افغانستان میں سرگرم ہیں۔یہ دہشت گرد تنظیمیں بلاروک ٹوک افغان سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال کررہی ہیں۔ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جدوجہد تمام ممالک کے مفاد میں ہے ۔ چیئرمین سینیٹ کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ میں نیویارک میں پاکستانی قونصل جنرل اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستانی نژاد امریکی برادری پاکستان کی عالمی شناخت کا ناگزیر ستون ہے ۔ امریکی نژاد بھارتی رہنما بوبی کمار بھی عشائیے میں شریک ہوئے اور پاکستان سے خاندانی وابستگی کا اظہار کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں