وزارتوں، محکموں کو صرف10فیصد منصوبوں کی اجازت
90فیصد ترقیاتی بجٹ جاری ادھورے منصوبوں کی تکمیل کیلئے مختص ہوگا
اسلام آباد (نیوز رپورٹر)وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2026-27 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) کے لیے نئی حکمت عملی جاری کر دی ، جس کے تحت وفاقی وزارتوں، محکموں اور صوبائی حکومتوں کو صرف 10 فیصد نئے منصوبے پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ، جبکہ 90 فیصد بجٹ جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لئے مختص کیا جائے گا۔وزارتِ منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات نے وفاقی وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کو باضابطہ احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں ترجیح جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کو دی جائے ۔ ہدایت کے مطابق ہر وزارت اور محکمہ اپنے ترقیاتی بجٹ کا 90 فیصد حصہ جاری سکیموں کے لیے جبکہ صرف 10 فیصد نئے منصوبوں کے لیے مختص کرے اور انہیں منظوری کے لئے ارسال کرے ،وفاقی حکومت نے واضح کیا ہے کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر، لاگت میں اضافے اور وسائل کے ضیاع سے بچنے کے لئے نئے منصوبوں کی منظوری محدود رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، اس پالیسی کا مقصد ادھورے منصوبوں کو جلد مکمل کرنا اور ترقیاتی فنڈز کا مؤثر استعمال یقینی بنانا ہے ۔