این جی سی کا ٹرانسمیشن سیکٹر کی کارکردگی بارے نیپرا رپورٹ کے نکات پر تحفظات کا اظہار

این جی سی کا ٹرانسمیشن سیکٹر کی  کارکردگی بارے نیپرا رپورٹ  کے نکات پر تحفظات کا اظہار

لاہور (سٹاف رپورٹر)نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان (این جی سی )نے نیپرا کی جانب سے مالی سال 2024-25 کے دوران ٹرانسمیشن سیکٹر کی کارکردگی سے متعلق جائزہ رپورٹ میں اٹھائے گئے نکات پر گہرے تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔

قومی ٹرانسمیشن نظام کی اہمیت کو  اجاگر کرتے ہوئے کمپنی نے کہا کہ وہ نظام کے استحکا م، آپریشنل کارکردگی اور بجلی کے نظام کی مجموعی پائیداری کو یقینی بنانے کیلئے ہمیشہ پُرعزم رہی ہے اور اس اہم کردار کو تمام سٹیک ہولڈرز کی جانب سے تسلیم کیا جانا چاہیے ۔ترجمان این جی سی نے ریکارڈ کی درستگی کیلئے رپورٹ میں اٹھائے گئے مختلف نکات کی وضاحت کی ہے ۔ٹرانسمیشن ایسیٹس(Assets) جیسے ٹرانسفارمرز اور ٹرانسمیشن لائنز کی لوڈنگ کو الگ الگ نہیں جانچا جا سکتا۔ پاکستان کا پاور سسٹم ایک مربوط قومی نیٹ ورک کے طور پر کام کرتا ہے جو کہ نیپرا کے زیر نگرانی گرڈ کوڈ کے مطابق معمول کی طلب کے ساتھ ساتھ متوقع فالٹس اور بندشوں کو محفوظ طریقے سے سنبھالنے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے ۔ایسے نظام میں یہ معمول کی بات ہے کہ بعض اوقات کچھ آلات کم لوڈ پر ہوں جبکہ وہی آلات کسی خرابی، بندش یا غیر معمولی طور پر زیادہ طلب کے دوران زیادہ لوڈ برداشت کریں۔ اس لئے کسی بھی وقت لوڈ کا عارضی طور پر 80 فیصد سے زیادہ ہونا لازماً اوور لوڈنگ یا خطرے کی علامت نہیں ہوتا ۔نیپرا رپورٹ میں پیش کردہ اعدادوشمار زیادہ سے زیادہ آدھے گھنٹے کی ریکارڈ شدہ ویلیوز پر مبنی ہیں، جو روزانہ، ماہانہ یا سالانہ بنیادوں پر لی گئی ہیں۔ اس طرح کی عارضی پیک ویلیوز مسلسل آپریشنل صورتحال کی درست عکاسی نہیں کرتیں اور اس سے مستقل دباؤ کا غلط تاثر پیدا ہوتا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں