قائمہ کمیٹی صحت کا وزارت کے ترقیاتی منصوبوں پر اعتراض

قائمہ کمیٹی صحت کا وزارت کے ترقیاتی منصوبوں پر اعتراض

بیماریوں کو قومی ایمرجنسی قرار دے کر مریضوں کو ترجیح دینے کی ہدایت ملک بھر کے ڈرگ انسپکٹرز کی مکمل تفصیلات آئندہ اجلاس میں پیش کی جائیں

 اسلام آباد (نیوز رپورٹر) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صحت نے وزارتِ صحت کے ترقیاتی منصوبوں پر اعتراض کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ آئندہ منصوبہ بندی مریضوں کی ضروریات اور بیماریوں کی ترجیحات کی بنیاد پر کی جائے ،کمیٹی نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو ہدایت کی کہ ملک بھر میں ڈرگ انسپکٹرز کی مکمل تفصیلات آئندہ اجلاس میں پیش کی جائیں ۔قائمہ کمیٹی  کا اجلاس چیئرمین ڈاکٹر مہیش کمار ملانی کی صدارت میں ہوا، جس میں مالی سال 2025-26 کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت پیش کئے گئے صحت کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں کمیٹی نے واضح کیا کہ صحت کے شعبے میں غیر ضروری عمارتوں اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں کے بجائے مریضوں اور بیماریوں پر توجہ مرکوز کی جائے ،کمیٹی نے ذیابیطس، ایچ آئی وی، ہیپاٹائٹس سی، نوزائیدہ بچوں کی اموات اور غذائی قلت کو قومی ایمرجنسی قرار دیتے ہوئے ان کی روک تھام سکریننگ اور علاج کو ترجیح دینے کی ہدایت کی۔کمیٹی نے بیشتر نئی مجوزہ صحت سکیمیں مسترد کرتے ہوئے وزارت کو ہدایت کی کہ پہلے سے جاری منصوبے مکمل کیے جائیں ، اجلاس میں وزارت کی جانب سے دی گئی بریفنگ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا گیا اور ہدایت کی گئی کہ آئندہ اجلاس میں تمام منصوبوں کی مکمل تفصیلات، منظوری ، اخراجات ،عملدرآمد کی ٹائم لائن پیش کی جائے ، وزارت کو ہدایت دی گئی کہ BHUs اور RHCs کی کارکردگی، عملے کی کمی اور 24 گھنٹے سروس پلان پر تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں