سینیٹ:مودی ،نیتن یاہو ممکنہ اتحاد کیخلاف قرارداد منظور
اسلام آباد (وقائع نگار)مسلمانوں کے خلاف مودی،نیتن یاہو کے ممکنہ اتحاد کے خلاف سینیٹ میں متفقہ قرارداد منظور کر لی گئی۔ قرارداد سینیٹ اجلاس میں سینیٹر پلوشہ بہرام زئی نے پیش کی۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے ممکنہ دورئہ اسرائیل کے تناظر میں قرارداد پیش کی گئی جس میں اسرائیل اور بھارت کے ممکنہ اتحاد کی بھرپور مذمت کی گئی ۔ سینیٹ نے مسلمانوں کے خلاف کسی بھی اتحاد کی سخت مخالفت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سنی اور شیعہ کی تقسیم ناقابل قبول ہے ، سب کلمہ گو ہیں اور پاکستان ہر قسم کے اسلام مخالف اتحاد کی مخالفت کرے گا ، وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل نے کہا کہ اساتذہ مختلف انتظامی عہدوں پر تعینات ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف ادوار میں بعض افراد ڈیلی ویجز پر بھرتی ہوئے اور انہیں مستقل کرنے کا فیصلہ وفاقی کابینہ کرتی ہے ، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کسی کو ڈیلی ویجز پر بھرتی نہیں کیا گیا۔ اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس نے سینیٹ کی لائیو سٹریمنگ بند ہونے پر نکتۂ اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ ایوانِ بالا کی کارروائی کی مسلسل بندش افسوسناک ہے ،وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ لائیو سٹریمنگ سینیٹ کا داخلی اختیار ہے اور اس کا حکومت سے تعلق نہیں۔سینیٹر کامران مرتضیٰ نے اسلام آباد کچہری دھماکے کے شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کو معاوضہ نہ ملنے کا معاملہ اٹھایا۔ بیت المال، لائیو سٹریمنگ، کچہری دھماکا متاثرین اور نیشنل ہائی وے حادثات پر حکومت سے وضاحتیں طلب کر لی گئیں ۔