5 لاکھ میٹرک ٹن گندم مسابقتی بولی کے ذریعے بیچنے کی منظوری
پاک پی ڈبلیو ڈی منصوبوں کیلئے 536 ملین کی ضمنی گرانٹ بھی منظور ،ای سی سی
اسلام آباد (اے پی پی)کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پاسکو کی 500000 میٹرک ٹن گندم مسابقتی بولی کے ذریعے فروخت کرنے کی منظوری دیدی۔ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمداورنگزیب کی زیرصدارت ہوا۔ مقامی گندم کی نظرِ ثانی شدہ ریزرو قیمت 4150 روپے فی 40 کلوگرام اور درآمدی گندم کی 3800 روپے فی 40 کلوگرام مقرر کی گئی۔اجلاس میں تحلیل شدہ پاکستان پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ (پاک پی ڈبلیو ڈی) کے پی ایس ڈی پی منصوبوں کے لیے 536 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔ منظور شدہ رقم متعلقہ قانونی اور آئینی تقاضوں کے مطابق مخصوص جاری منصوبوں کے لیے حکومت پنجاب اور حکومت خیبر پختونخوا کو منتقل کی جائے گی۔