ق لیگ کے صدر چودھری شجاعت سے ریاض فتیانہ کی ملاقات
حکومتی کاوشوں سے ملک معاشی استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے :سابق وزیراعظم پنجاب حکومت نے سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول یقینی بنایا :چودھری شافع حسین
لاہور (سیاسی نمائندہ)سابق وزیراعظم و پاکستان مسلم لیگ (ق)کے صدر چودھری شجاعت حسین سے پاکستان تحریک انصاف کے ممبر قومی اسمبلی ریاض فتیانہ نے ان کی رہائش گاہ پر گزشتہ روز ملاقات کی ، اس موقع پر صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین بھی موجود تھے ،ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ریاض فتیانہ نے چودھری شجاعت کی خیریت بھی دریافت کی۔اس موقع پر چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ حکومتی کاوشوں سے ملک معاشی استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے ، ملکی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہے ، تمام سول اور عسکری ادارے ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے کوشاں ہیں ،وقت کا تقاضا ہے کہ ہر ایک ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالے ۔ ریاض فتیانہ نے کہا کہ چودھری شجاعت سے دیرینہ تعلقات اور احترام کا رشتہ موجود ہے ، انہوں نے ملک کی تعمیرو ترقی اور استحکام میں لازوال کردار ادا کیا اور ہمیشہ رواداری اور برداشت کی سیاست کو فروغ دیا۔ شافع حسین نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ اورمحکمہ اوقاف میں کی گئیں اصلاحات بارے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں حکومت نے سرمایہ کاروں کیلئے سازگار ماحول یقینی بنایا ہے ، اسی وجہ سے پنجاب میں اربوں روپے کی نئی غیر ملکی سرمایہ کاری آئی ہے ۔