جی ایچ کیو حملہ کیس:شیخ رشید کی عمرہ کیلئے درخواست مسترد
نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ ڈالنے کے باعث عدالت نے درخواست خارج کر دی حیران ہوں،نام ای سی ایل میں ڈالاگیا،دوبارہ ہائیکورٹ جارہاہوں:سابق وفاقی وزیر
راولپنڈی (خبر نگار) انسداد دہشتگردی عدالت نے سانحہ 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی عمرہ پر جانے کی درخواست فریقین وکلاء کے دلائل کے بعد مسترد کر دی۔ جج امجد علی شاہ نے فیصلہ سنایا۔ سپیشل پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا وفاقی حکومت کی ہدایت پر ایف آئی اے نے نام ای سی ایل میں ڈالا ہے ۔ درخواست گزار نے اعلٰی عدلیہ میں زیر سماعت اپیلوں کی تفصیلات درخواست میں نہیں دیں۔ عدالت نے قرار دیا معاملہ پہلے ہی لاہور ہائیکورٹ پنڈی بینچ میں زیر سماعت ہے ، عدالت نے شیخ رشید کو آئندہ محتاط رہنے کی تنبیہ کر دی۔ شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو میں کہا میں یہ سن کر حیران ہوگیا کہ میرا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا، نام دوسری مرتبہ ای سی ایل میں ڈالا گیا، پہلے نام سی ایل سے نکال دیا گیا تھا، میرے وکیل ہائیکورٹ میں رٹ دائر کریں گے تاکہ نام فہرست سے نکالا جائے ۔