آلوبرآمدات کیلئے رکاوٹیں دور

آلوبرآمدات کیلئے رکاوٹیں دور

اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق، رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان وسطی ایشیائی مارکیٹوں میں آلو کی برآمدات بڑھانے کے اقدامات کر رہا ہے ۔

یہ بات انہوں نے جمعہ کو کمیٹی برائے آلو کی برآمدات کے دوسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس کا مقصد پیداوار، اضافی ذخائر اور برآمدات کی سہولت کاری کا جائزہ لینا تھا۔ کمیٹی نے رعایتی فریٹ ریٹس، ریلوے اور لاجسٹک فراہم کنندگان کے ساتھ بہتر رابطہ کاری، اور سرحدی تجارت آسان بنانے کے اقدامات پر بھی غور کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ برآمداتی موقع کو فوری طور پر وسطی ایشیائی مارکیٹوں کے لیے استعمال کیا جائے تاکہ ملکی فراہمی پر دباؤ کم ہو اور کسان کم قیمت فروخت سے بچ سکیں۔انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ زیر التوا امور جلد نمٹائیں، رکاوٹیں دور کریں اور اضافی ذخائر کی روانی یقینی بنائیں۔ حکومت کسانوں کی حمایت، مارکیٹ کی قیمتیں مستحکم کرنے اور مربوط اقدامات کے ذریعے زرعی برآمدات کو فروغ دے رہی ہے ۔ اجلاس کا اختتام اس فیصلے کے ساتھ ہوا کہ برآمداتی رجحانات پر قریبی نگرانی جاری رکھی جائے اور اقدامات پر پیش رفت کے لیے فالو اپ اجلاس بلایا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں