پنجاب :وقف املاک، ٹرسٹس، کوآپریٹو سوسائٹیز کی مو ثر نگرانی کیلئے نیا قانون متعارف کرانے کا فیصلہ

پنجاب :وقف املاک، ٹرسٹس، کوآپریٹو  سوسائٹیز کی مو ثر نگرانی کیلئے  نیا قانون متعارف کرانے کا فیصلہ

لاہور(سیاسی نمائندہ)پنجاب حکومت نے صوبے میں وقف املاک، ٹرسٹس اور کوآپریٹو سوسائٹیز کی مو ثر نگرانی کیلئے نیا قانون متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا۔

وقف، ٹرسٹ اور کوآپریٹو سوسائٹیز (نگرانی) ایکٹ 2026 پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے ، جو دو ماہ میں اپنی رپورٹ ایوان میں پیش کرے گی۔یہ بل گزشتہ اجلاس میں پنجاب اسمبلی میں پیش کیا گیا تھا۔ مجوزہ قانون کے تحت پنجاب وقف، ٹرسٹس اور کوآپریٹو سوسائٹیز کمیشن قائم کیا جائے گا، جو متعلقہ محکموں کی مالی اور انتظامی نگرانی کا مجاز ہوگا۔متن کے مطابق کمیشن متعلقہ اداروں کی آمدن و اخراجات کی نگرانی کرے گا اور منی لانڈرنگ و دہشت گردی کی مالی معاونت جیسے معاملات پر بھی نظر رکھے گا۔ کمیشن کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ وفاقی پالیسی کو متعلقہ محکموں پر لاگو کروا سکے ۔مزید برآں پرانے ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن لازم قرار دی جائے گی اور تمام متعلقہ ڈیٹا کیلئے ویب سائٹ قائم کی جائے گی۔کمیشن از خود یا شکایت کی بنیاد پر انکوائری کر سکے گا اور سماعت کے بعد وقف ایڈمنسٹریٹر کی رجسٹریشن خارج کرنے کا اختیار بھی رکھے گا۔ کمیشن کے فیصلے کو اپیل کمیٹی میں چیلنج کیا جا سکے گا۔قائمہ کمیٹی کی رپورٹ کے بعد بل کو ایوان سے منظور کرایا جائے گا اور حتمی منظوری گورنر پنجاب دیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں