سپریم کورٹ:این اے 251سے خوشحال کاکڑ کامیاب قرار

سپریم کورٹ:این اے 251سے  خوشحال کاکڑ کامیاب قرار

اسلام آباد(کورٹ رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) سپریم کورٹ نے عام انتخابات سے متعلق این اے 251 کے مقدمے میں خوشحال خان کاکڑ کو کامیاب امیدوار قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو ان کی کامیابی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

 جس سے جے یو آئی کی ایک نشست کم ہوگئی۔جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی، امیدوار کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے موقف اختیار کیا کہ دس پولنگ سٹیشنز کے نتائج فارم 48 کے مطابق درج نہیں کیے گئے اور ہر پولنگ سٹیشن پر ان کے موکل کے تقریباً 100 ووٹ کم کیے گئے جبکہ مخالف امیدوار جے یو آئی ف کے سید سمیع اﷲ کے ووٹوں میں فارم 48 میں اضافہ دکھایا گیا۔ جسٹس نعیم اختر افغان نے استفسار کیا کہ کیا آر او کے خلاف کارروائی ہو سکتی ہے اور کیا وہ الیکشن کمیشن کا ملازم ہوتا ہے ؟ انہوں نے ریمارکس دئیے کہ بعض ممالک میں آر او کمیشن کے ملازمین ہوتے ہیں۔ جسٹس شکیل احمد نے کہا پاکستان میں آر او کبھی اساتذہ اور کبھی دیگر سرکاری افسران تعینات کیے جاتے ہیں۔جسٹس شاہد وحید نے ریمارکس دئیے کہ انتخابات میں سب سے زیادہ اہمیت ریکارڈ کی ہوتی ہے اور عوام کی رائے دستاویزات سے ظاہر ہو رہی ہے ۔ دورانِ سماعت الیکشن کمیشن نے خوشحال خان کاکڑ کی جانب سے پیش کیے گئے فارم 45 کو درست تسلیم کر لیا، جس کے بعد عدالت نے انہیں کامیاب امیدوار قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے دیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں