افغانستان کیخلاف کارروائیاں حقِ دفاع کے تحت کیں:دفتر خارجہ
اسلام آباد(وقائع نگار ،اے پی پی)دفتر خارجہ نے کہا افغانستان سے ہونے والے دہشت گرد حملوں اور فوجی اشتعال انگیزیوں کے خلاف پاکستان نے اپنے دفاع کے تحت کارروائیاں کیں۔
افغان سرزمین سے فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کی جانب سے پاکستان کے خلاف بار بار ہونے والے دہشت گرد حملوں، نیز 26 فروری کی شب طالبان حکومت کی تازہ بلاجواز اور اشتعال انگیز کارروائیوں کے جواب میں پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے نہایت درست اور ہدفی آپریشنز انجام دیتے ہوئے دہشت گرد تنظیموں کو بھاری نقصان پہنچایا اور افغانستان میں موجود ان کے لاجسٹک سپورٹ مراکز کو نشانہ بنایا۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کی یہ کارروائیاں اپنے حقِ دفاع کے تحت کی گئیں تاکہ اپنے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ خطے اور اس سے باہر کے امن و سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے ۔طالبان حکومت کی جانب سے کسی بھی مزید اشتعال انگیزی یا کسی بھی دہشت گرد گروہ کی طرف سے عوامِ پاکستان کے امن و سلامتی اور فلاح و بہبود کو نقصان پہنچانے کی کسی کوشش کا بھرپور، متناسب اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔