حکومت کی لکھی تقریریاصوابدیدی صدارتی خطاب؟مشترکہ اجلاس کیلئے متن آخری مراحل میں
اسلام آباد(سہیل خان)صدر مملکت آصف علی زرداری کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کا متوقع متن آخری مراحل میں ہے اب صدر حکومت کی لکھی تقریر کریں یا صوابدیدی صدارتی خطاب کریں گے۔
یہ طے ہونا ابھی باقی ہے کیونکہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی تقریر کا متن طے کرنا صدر مملکت کا صوبدیدی اختیار ہے ۔اس سے قبل سابق صدر مملکت عارف علوی اس روایت کوتوڑ چکے ہیں انہوں نے شہبازحکومت کی تحریر کردہ تقریر مشترکہ اجلاس میں پڑھنے سے انکار کردیا تھا اور انہوں نے پارٹی بیانیہ سے ہم آہنگ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا تھا۔ اب تیزی سے بدلتی سیاسی ،معاشی، دفاعی صورتحال، نئی آئینی ترامیم کی بازگشت، وفاق صوبوں کے تعلقات کار ،حکومتی اتحادیوں کے اختلافات کے تناظر میں سب کی نظریں صدارتی خطاب پرمرکوز ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ صدر مملکت حکومت کی لکھی ہوئی تقریر پڑھنے پر اکتفا کریں گے ۔ پیپلزپارٹی ویسے بھی نئے رجیم میں، گزارہ کرو ،کے بیانیہ پر گامزن ہے ۔ صدر زرداری فی البدیہ چند جملے کہہ سکتے ہیں،ممکنہ طور پر ملک کی سیاسی ،معاشی اور دنیا کے بدلتے حالات کے باعث صدارتی خطاب اہم ہو گا جو خارجہ،دفاعی، سیاسی حالات پر محیط ہوگا۔ سرحد کی صورتحال کے پیش نظر صدر مملکت بلاامتیاز سیاسی جماعتوں کو مکالمہ اور سیاسی استحکام کی ہدایت کرسکتے ہیں۔