سینیٹ قائمہ کمیٹی سے البیرونی اور دانش یونیورسٹی بل منظور
نئے تعلیمی اداروں کے قیام، معیارِ تعلیم پرکو ئی سمجھوتا نہیں ہو گا ، وزیر قانون دانش یونیورسٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے عالمی معیار کے محققین تیارکریگی ،چیئر پر سن
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر،اپنے رپورٹر سے ) سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے البیرونی انٹرنیشنل یونیورسٹی بل 2025اور دانش یونیورسٹی بل کی منظوری دے دی ۔ اجلاس چیئرپرسن سینیٹر بشریٰ انجم بٹ کی صدارت میں ہوا ۔البیرونی یونیورسٹی بل سینیٹر خلیل طاہر نے سینیٹر عبدالقدیر پیش کیا، جو اس سے قبل قومی اسمبلی سے منظور ہو چکا تھا۔وفاقی وزارتِ تعلیم ، قانون و انصاف اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے سینئر حکام نے کمیٹی کو بل کی شقوں پر بریفنگ دی ۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کسی بھی ادارے کے الحاق کی منظوری ایچ ای سی کے مقررہ معیار کے مطابق ہوگی،نئے تعلیمی اداروں کے قیام میں قانونی تقاضوں اور معیارِ تعلیم پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، کمیٹی نے دانش یونیورسٹی بل منظور کر لیا جو سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے پیش کیا۔ انہوں نے کہا یونیورسٹی کے قیام کے لیے 40ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ مستقل اینڈومنٹ فنڈ بھی قائم کیا جائے گا، باصلاحیت اور مستحق طلبہ کو مکمل مالی معاونت کے ساتھ اعلیٰ معیار کی تعلیم دی جا ئیگی، چیئرپرسن سینیٹر بشریٰ انجم بٹ نے کہا دانش یونیورسٹی قومی و عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالمی معیار کے گریجویٹس اور محققین تیار کرے گی۔تفصیلی غور و خوض کے بعد کمیٹی نے متفقہ طور پر دانش یونیورسٹی بل کی بھی منظوری دے دی۔