اسرائیل بھارت گٹھ جوڑ،خطے کو جنگ میں دھکیل دیا:بلوم برگ
مودی کادورہ اسرائیل ایران پر حملوں کی تائید ، بحران کو جنم دیا:بھارتی اپوزیشن ایران میں حملوں پر مودی کا ردِعمل بھارتی اقدار ، مفادات سے غداری: کانگریس
اسلام آباد (این این آئی) بھارت اور اسرائیل کے دہشت گردانہ مکروہ کردار نے خطے کو ایک بار پھرجنگ میں دھکیل دیا ہے اوراسرائیلی جارحیت کی غیر مشروط تائید نے بھارت کی نام نہاد غیر جانبداری کے جھوٹے دعوؤں کا پول کھول دیاہے ۔ بھارت میں اپوزیشن جماعتوں نے مودی کے گزشتہ ہفتے دورہ اسرائیل کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔عالمی جریدہ بلوم برگ کے مطابق بھارتی اپوزیشن نے کہاہے کہ مودی کے دورے نے ایران پر فضائی حملوں کی تائید کا تاثر دے کر خطے میں بحران کو جنم دیا ۔
بلوم برگ کے مطابق ایران میں بڑھتا ہوا بحران بھارتی معیشت کیلئے غیر یقینی صورتحال پیدا کر رہا ہے ۔جریدے کا کہنا ہے کہ ایران پر حملے سے بھارت کو تیل کی قیمتوں اور تجارتی خسارے میں بڑے نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔ عالمی جریدے نے مقبوضہ کشمیر کے مسلم اکثریتی خطے پر بھارت کی جارحانہ تشدد کی تصدیق بھی کی۔کانگریس پارٹی کے ترجمان کاکہناہے کہ ایران پر حملوں پر مودی کا ردِعمل بھارت کی اقدار اور مفادات سے غداری ہے ۔دریں اثناعالمی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیرِ اعظم کی طرف سے اسرائیل کی تائید ثابت کرتی ہے کہ بھارت کسی ملک کے ساتھ مخلص نہیں۔ان کا کہنا ہے کہ موودی کا دوغلا رویہ اسرائیلی خوش فہمی کو بھی جلد ہی بھیانک حقیقت کا منہ دکھا دے گا۔