سوک سینٹر حب:ریٹرننگ افسر کے دفتر میں آگ بھڑک اٹھی
حب(نمائندہ دنیا)سوک سینٹر حب میں قائم ریٹرننگ آفیسر کے دفتر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں دفتر میں موجود اہم سرکاری و انتخابی ریکارڈ کے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق آتشزدگی دفتر کے ایک حصے میں ہوئی، ذرائع کے مطابق دفتر میں انتخابی دستاویزات اور حساس نوعیت کا ریکارڈ موجود تھا، جس کے باعث نقصان کے خدشات میں اضافہ ہوا، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے نتیجے میں میر علی حسن زہری اور سردار محمد صالح بھوتانی کے ووٹوں سے متعلق ریکارڈ کے جل جانے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ، تاہم اس حوالے سے تا حال کوئی سرکاری طور پر تصدیق سامنے نہیں آئی۔فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پالیا۔پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے واقعے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سوک سینٹر کے مین گیٹ کے سامنے مین آرسی ڈی شاہراہ پر دھرنا دیا ۔پیپلز پارٹی کارکنان نے واقعہ سے متعلق شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔