گزشتہ سال سمارٹ فونز پر بینکاری معلومات کی چوری 56 فیصد بڑھ گئی
میلویئر حملے تیزی سے بڑھ رہے ،ایپس ایپل اورگوگل پلے سے حاصل کریں:کیسپرسکی
اسلام آباد(نامہ نگار)سائبر سکیورٹی کمپنی کیسپرسکی کی ایک رپورٹ کے مطابق 2025 میں اینڈرائیڈ سمارٹ فونز پر بینکاری معلومات چوری کرنے والے میلویئر حملوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 56 فیصد اضافہ ہوا ۔ یہ خطرناک سافٹ ویئر آن لائن بینکاری، الیکٹرانک ادائیگی کی خدمات اور کریڈٹ کارڈ نظام سے صارفین کی خفیہ معلومات چوری کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق اینڈرائیڈ کے لیے اس میلویئر کی نئی تنصیب فائلوں کی تعداد بھی نمایاں طور پر بڑھی اور 255,090 تک پہنچ گئی، جو 2024 کے مقابلے میں 271 فیصد زیادہ ہے ۔ کیسپرسکی میں میلویئر تجزیہ کار ٹیم کے سربراہ اینٹون حیفاکے مطابق سمارٹ فونز کے لیے بینکاری معلومات چوری کرنے والا میلویئر تیزی سے بڑھ رہا ہے ، ماہرین کا کہنا ہے کہ بعض اوقات لوگ نیا اینڈرائیڈ فون خریدتے ہیں لیکن وہ پہلے ہی میلویئر سے متاثر ہوتا ہے اور صارف کو اس کا علم نہیں ہوتا ۔ کیسپرسکی نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ ایپس صرف سرکاری ایپ سٹورز جیسے ایپل سٹور اور گوگل پلے سے ہی حاصل کریں، اس کے علاوہ قابلِ اعتمادسکیورٹی سافٹ ویئر جیسے کیسپرسکی پریمئیم استعمال کریں۔