2026 کا پہلا پولیو کیس،4 سالہ بچی میں وائرس کی تصدیق
کراچی،اسلام آباد (این این آئی،نیوز رپورٹر)سال 2026 کا پہلا پولیو کیس سامنے آگیا ،وزارت قومی صحت نے ملک میں رواں سال کے پہلے پولیو وائرس کیس کی سندھ کے ضلع سجاول کی بیلویونین کونسل کی رہائشی چارسالہ بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق کر دی ہے۔
قومی ایمرجنسی آپریشنز سینٹر برائے انسداد پولیو کے مطابق اسلام آباد میں پولیو کے خاتمے کیلئے قائم ریجنل ریفرنس لیبارٹری نے بھی وائرس کی تصدیق کر دی ہے ۔ وزارت قومی صحت کے مطابق ملک کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے ۔ 1994 سے اب تک پولیو ویکسین کی بدولت پاکستان میں پولیو کیسز میں 99 اعشاریہ 8 فیصد کمی آ چکی ، 1990 کی دہائی کے اوائل میں اندازاً 20 ہزار کیسز کے مقابلے میں گزشتہ سال 2025 میں یہ تعداد کم ہو کر 31 رہ گئی تھی۔ رواں سال ملک بھر میں انسداد پولیو کی قومی مہم کے تحت 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جا چکے ہیں جبکہ آئندہ قومی مہم اپریل میں شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے ۔ سندھ کے بعض اضلاع اور جنوبی خیبر پختونخوا کے حساس علاقوں میں وائرس کی موجودگی بدستور تشویشناک ہے ۔ ماہرین کے مطابق ان علاقوں میں مو ثر اور تسلسل کے ساتھ ویکسینیشن مہمات جاری رکھنا ناگزیر ہے ۔