فضائی آپریشن چھٹے روز بھی متاثر مشرق وسطیٰ کی 145 پروازیں منسوخ

 فضائی آپریشن چھٹے روز بھی متاثر  مشرق وسطیٰ کی 145 پروازیں منسوخ

اسلام آباد (این این آئی،آن لائن)پاکستانی ایئرپورٹس پر چھٹے روزبھی فضائی آپریشن متاثر رہا، مشرق وسطیٰ کی 145 پروازیں منسوخ ہوگئیں۔

جمعرات کو کراچی سے مشرق وسطیٰ کی 35، لاہور کی 29 اور ملتان کی 12 پروازیں منسوخ ہوئیں،ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں کے بعدسے ابتک پاکستان کی منسوخ پروازوں کی تعداد 900 ہوگئی ۔فلائٹ شیڈول کے مطابق مذکورہ مدت میں 8 ممالک کی منسوخ پروازیں 20 ہزار سے تجاوز کرگئیں۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق دبئی، دوحہ، ابو ظہبی، شارجہ، ریاض اور دیگر ممالک سے اسلام آباد آنے والی مجموعی طور پر 24 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ دوسری جانب متعدد پروازیں تاخیر کا شکار بھی رہیں، جن میں ریاض سے آنے والی پروازیں نائن پی 781، ایس وی 724 اور ایس وی 754 شامل ہیں۔ اسی طرح کوئٹہ سے آنے والی پرواز نائن پی 857 اور کراچی سے آنے والی پروازیں پی ایف 129 اور پی ایف 123 بھی تاخیر کا شکار رہیں۔ایوی ایشن حکام کے مطابق خطے کی موجودہ صورتحال کے باعث فضائی آپریشن متاثر ہے جبکہ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی پروازوں سے متعلق معلومات کے لیے متعلقہ ایئرلائنز سے رابطے میں رہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں