وزارت صحت کے 34ترقیاتی منصوبے وزارت منصوبہ بندی کوارسال
اسلام آباد(نیوز رپورٹر)وفاقی وزارت قومی صحت نے 114 ارب روپے کے 34 نئے ترقیاتی منصوبے آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ کے لیے وزارت منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات کو بھجوا دئیے ۔نئے منصوبوں کو تین درجوں میں تیار کیا گیا ہے۔
پہلے درجے میں وزیراعظم کی ہدایات پر مبنی 10 منصوبوں کیلئے سب سے زیادہ بجٹ 75 ارب 58 کروڑ 50 لاکھ روپے ہے ۔ دوسرے درجے میں وزارت کے تجویز تیار کردہ 19منصوبے ہیں جن کا بجٹ 31 ارب 60 کروڑ 10 لاکھ روپے ہے ۔ تیسرے درجے میں ملکی و بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں کے تعاون سے 5 نئے منصوبے ہیں جن کا بجٹ 7 ارب 5 کروڑ 60 لاکھ روپے ہے ۔ ان منصوبوں کی حتمی منظوری نیشنل اکنامک کونسل دے گی جس کے بعد انہیں مالی سال 2027- 2026 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔