شریعت اپیلٹ بینچ:خواتین کی آدھی گواہی پر جواب طلب
اسلام آباد(کورٹ رپورٹر)سپریم کورٹ کے شریعت اپیلٹ بینچ میں خواتین کی گواہی کو مرد کے مقابلے میں نصف تصور کرنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
جسٹس عرفان سعادت خان نے ریمارکس دیئے کہ خواتین کی گواہی سے متعلق سورۃ البقرہ میں واضح احکامات موجود ہیں،قرآن مجید میں یہ بھی بیان کیا گیا ہے کہ کن صورتوں میں خواتین کی گواہی قابل قبول ہوتی ہے اور اس کی تفصیلات بھی موجود ہیں۔ وکیل نے بتایا کہ درخواست گزار خواتین کا انتقال ہو چکا ہے ،جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیئے کہ عدالت اس کیس کو اس لیے چلانا چاہتی ہے تاکہ اس اہم معاملے پر واضح فیصلہ سامنے آ سکے ۔سماعت کے دوران عدالت نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی فنانس سیکرٹری سائرہ راجپوت کو طلب کر لیا۔ جسٹس جمال خان مندوخیل نے کمرہ عدالت میں موجود خواتین صحافیوں کو بھی روسٹرم پر بلا لیا ،عدالت نے سائرہ راجپوت اور خواتین صحافیوں کو کیس میں معاون مقرر کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش ہوں۔