توشہ خانہ ٹو کیس :عمران ، بشری ٰ کی اپیلوں پر اعتراض برقرار

توشہ خانہ ٹو کیس :عمران ، بشری ٰ کی اپیلوں پر اعتراض برقرار

نئی درخواست دائر کرنیکی ہدایت، علاج کی درخواست پر نوٹس جاری فارن فنڈنگ کیس میں شریک ملزموں سراج ، فیصل کی ضمانت میں توسیع

اسلام آباد،راولپنڈی (اپنے نامہ نگارسے ،خبر نگار،نیوز ایجنسیاں )اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیرسماعت توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر اعتراض ختم نہ ہو سکا،عدالت نے اعتراض ختم کرنے کیلئے نئی درخواست دائر کرنے کی ہدایت کردی۔گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر متفرق درخواست پر سماعت کے دوران بیرسٹر سلمان صفدر، علی بخاری اور دیگروکلاء عدالت پیش ہوئے ۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا میں نے اپیل وقت پر دائر کی،20 دسمبر کو سزا کا فیصلہ ہوا 29 دسمبر کو اپیلیں دائر کر دیں ،آفس نے اعتراضات کے حوالے سے ہمیں کچھ نہیں بتایا تھا،جب ہم نے سزا معطلی کی درخواست دائر کی تو 14 فروری کو ہمیں بتایا گیا آپ کی اپیلوں پر اعتراض ہے ۔

جسٹس خادم حسین سومرو نے کہا جو آفس اعتراض ہے وہ آپ کی متفرق درخواست نہیں ، آپ آفس اعتراض ختم کرنے کی درخواست دائر کریں،عدالت نے مزید سماعت ملتوی کردی۔ بعدازاں بیرسٹر سلمان صفدر نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا بڑی مشکل کے بعد یہ اپیلیں لگی ہیں،پرامید ہیں القادر کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ضمانت ہوجائے گی ،ڈھائی سال بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر اعتراضات کے علاوہ ہو کیا رہا ہے ،بانی پی ٹی آئی توشہ خانہ ٹو کیس اور القادر کیس کی وجہ سے جیل میں ہیں۔ دریں اثناء اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو علاج کیلئے شفاء انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کی درخواست پرڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اسلام آباد کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا، عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے استفسار کیاکہ بانی پی ٹی آئی توشہ خانہ فوجداری کیس میں کتنی سزا کاٹ چکے ؟۔

جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس خادم حسین سومرو پرمشتمل ڈویژن بینچ نے سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا ،رجسٹرار آفس اپیلوں کی پیپر بُک آئندہ سماعت 10 مارچ سے پہلے تیار کرے ۔قبل ازیں بانی پی ٹی آئی کی بہن عظمیٰ خان نے عمران خان کو علاج کیلئے ہسپتال منتقل کرنے اور وہاں ان تک رسائی دینے کیلئے اسلام آبادہائیکورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیا کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے اور علاج کے دوران رسائی دی جائے ، بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ ان کی پسند کے ڈاکٹرز سے کروانے کا انتظام کیا جائے ، استدعاہے دوران حراست اور علاج کے دوران معالجین، اہلِ خانہ اور وکلاء کو ان تک مسلسل رسائی فراہم کی جائے ،گزشتہ تین ماہ مکمل طبی رپورٹس فراہم کی جائیں۔ادھر بینکنگ کورٹ کے جج عبدالغفور کاکڑ نے بانی پی ٹی آئی ودیگر کیخلاف فارن فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے کو جلد چالان پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے شریک ملزمان سراج احمد اور فیصل قاضی کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی ،مزید سماعت 25 مارچ کو ہو گی۔ دوسری طرف اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے رفقاء کی ملاقات کے دن کسی کی ملاقات نہ ہو سکی داہگل ناکے پر گفتگو کرتے ہوئے ایم این اے جاوید وڑائچ نے کہا ہمیشہ کی طرح ہمیں روک کر انتظار کا کہا گیا ،انتظار کرتے کرتے اب ملاقات کا وقت ختم ہو چکا ،ہم پہلے بھی کئی دفعہ آچکے ہیں لیکن حسب روایت آج بھی ملاقات نہیں کرائی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں